صوابی۔ 30 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز رانا مبشر اقبال نے ضلع صوابی کے سیلاب متاثرین میں وفاقی حکومت کی جانب سے امدادی چیک تقسیم کر دیے۔ انہوں نے منگل کو صوابی کی تحصیل ٹوپی کے علاقے دالوڑی میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کی جانب سے انہیں 16 ملین روپے مالیت کے امدادی چیکس دیے۔ اس موقع پر سیلاب متاثرین اور …
وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال کی صوابی آمد،وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے

مزید خبریں
صوابی۔ 30 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز رانا مبشر اقبال نے ضلع صوابی کے سیلاب متاثرین میں وفاقی حکومت کی جانب سے امدادی چیک تقسیم کر دیے۔ انہوں نے منگل کو صوابی کی تحصیل ٹوپی کے علاقے دالوڑی میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کی جانب سے انہیں 16 ملین روپے مالیت کے امدادی چیکس دیے۔
اس موقع پر سیلاب متاثرین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مبشر اقبال نے کہا کہ وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوابی کے سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی حکومت اس مشکل وقت میں خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک کوششیں جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ملک میں ہوں یا بیرون ملک، ان کا دل ہمیشہ اہل پاکستان اور خاص طور پر حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ کے دھڑکتا ہے اور وہ بالخصوص خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سیلاب ریلیف آپریشنز کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کے فوری بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ذاتی طور پر یہاں ریلیف آپریشنز کی نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے اور ان کی مشکلات کم کرنے کے لیے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کیے ہیں۔
رانا مبشر اقبال نے کہا کہ پنجاب میں ابھی تک سیلاب متاثرین میں چیک کی تقسیم شروع نہیں ہوئی لیکن ہم نے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ افراد میں چیک تقسیم کیے ہیں جو تمام صوبوں کے لوگوں کےلیے وفاقی حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت سب سے بڑی نیکی ہے اور یہ یہاں کے لوگوں میں موجود ہے، مشکل وقت کے دوران خیبر پختونخوا کے لوگوں نے اپنے پریشان حال بھائیوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی مشکلات سے بخوبی واقف ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ متاثرین کو مکمل تعاون فراہم کرنے کےلیے ان کے مطالبات وزیراعظم کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومتی کمیٹی کے سامنے بھی پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا اور آج ہمارے ملک کو حرمین شریفین کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمارے ملک کےلیے عظیم نعمت ہے اور ہمیں اتنی بڑی ذمہ داری سونپے جانے پر شکر گزار ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مئی کی گزشتہ جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج نے چند گھنٹوں کے اندر بھارت کو شکست دی اور اسے بڑا سبق سکھایا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے بہادر فوج کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو پوری طاقت سے ناکام بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا سفارتی وقار نمایاں طور پر بڑھا ہے جس کا ثبوت امریکا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ریڈ کارپٹ استقبال اور تاریخی خطاب ہے۔ وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر پائیدار امن کے قیام کی کوششوں میں اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان پہاڑوں میں رہنے والے لوگوں کے دل پہاڑوں کی طرح بلند ہیں، ہمارے پشتون بھائیوں نے ہر مشکل میں ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے ہمیشہ کام کیا اور تمام چیلنجوں کا بہادری اور استقامت سے سامنا کیا ۔ وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز رانا مبشر اقبال نے سیلاب متاثرین میں مجموعی طور پر 16 ملین روپے مالیت کے 8 چیک تقسیم کیے، سیلاب متاثرین نے وفاقی وزیر کا اسلام آباد سے یہاں آ کر انہیں انتہائی ضروری مالی مدد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا








