لاہور۔یکم اپریل (اے پی پی ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوگیا، خواہش ہے کہ لاہور اور گوجرانوالہ کے درمیان شٹل ٹرین چلائی جائے یہ ٹرین 40 سے 45 منٹ میں اپنا چکر مکمل کریگی اور ایک دن میں تین سے چار چکر لگائے گی۔ ان خیالات کا اظہار …
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا تقریب سے خطاب

مزید خبریں
لاہور۔یکم اپریل (اے پی پی ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشن کی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوگیا، خواہش ہے کہ لاہور اور گوجرانوالہ کے درمیان شٹل ٹرین چلائی جائے یہ ٹرین 40 سے 45 منٹ میں اپنا چکر مکمل کریگی اور ایک دن میں تین سے چار چکر لگائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشن کے تزئین وآرائش شدہ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ گورونانک کے دن پر ننکانہ ریلوے اسٹیشن کو بھی تاریخی بنائیں، گورنانک کی 250 ویں برسی پر اس کا بھی افتتاح کریں گے، ہم سکھوں کو واہگہ سے لیکر ننکانہ تک بہترین سفری سہولتیں دیں گے وہ سمجھیں گے کہ اس دفعہ ہم ریلوے کے مہمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہمیں پی ایس او کی ترسیل کاکام مل جائے، قوم سے وعدہ کیا ہے کہ سال میں 10 سے 12 ارب زیادہ آمدن دیں گے، اس وقت ہم ٹارگٹ سے 4 ارب زائد آمدن حاصل کرچکے ہیں، 10 سے 12 ارب کے ٹارگٹ کو ہم سال میں حاصل کرلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر خارجہ سے بات ہوگئی ہے ہم سمجھوتہ ایکسپریس کا کیس عالمی عدالت میں لیکر جائیں گے، اگر فارن آفس نے ہمیں کلیرنس دی تو ہم بھارت کیخلاف سمجھوتہ ایکسپریس کا کیس عالمی عدالت میں لیکر جائیں گے کیونکہ انہوں نے دہشت گردی کی اور ٹرین کو آگ لگائی تھی اْس وقت بھی میں ریلوے کا وزیر تھا اور اب بھی وزارتِ ریلوے میرے پاس ہے۔ وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ جناح ایکسپریس چلادی ہے اْس میں بچوں کا کرایہ بھی گرین لائن ٹرین کے مطابق کیا جائیگا۔ اس حوالے سے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبر کو ہدایات جاری کردی ہیں، اسی طرح سرسید احمد ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی کے درمیان چلائی جائیگی۔انکا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ کے لوگوں سے وعدہ ہے کہ ان کیلئے شٹل ٹرین چلاؤں گا اسی طرح حیدرآباد کراچی ، گوجرانوالہ لاہور، لاہور ملتان اور راولپنڈی لاہور کے درمیان بھی چلائیں گے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 27 اپریل کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان چین جائیں گے امید ہے اْن کے ساتھ جاؤنگا، ایم ایل ون سے انقلاب آئیگا، کالووال اور پنڈورا کے درمیان 59 کلومیٹر کے موڑ کو 19 کلومیٹر میں تبدیل کریں گے جس سے لاہور سے راولپنڈی کا فاصلہ 2 گھنٹے 18 منٹ کا ہوجائیگا، ایم ایل ون کی سپیڈ 120سے 160کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے گوجرانوالہ ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پرچیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبر، ڈیژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور عامر نثار چوہدری اور ایم ڈی اسٹیشن شاہ رخ آفشاربھی ہمراہ تھے۔








