مینزہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان نے ازبکستان کو شکست دے کردوسرا میچ جیت لیا،ترجمان

20ویں ایشین گیمز آئچی ناگویا 2026 کے مینز ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ جیت لیا

لاہور۔22ستمبر (اے پی پی):20ویں ایشین گیمز آئچی ناگویا 2026 کے مینز ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ازبکستان کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ جیت لیا۔ترجمان پی ایچ ایف کےمطابق 18ویں منٹ میں پاکستان کے محمد عماد نے بہترین فیلڈ گول کر کے ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ 30ویں منٹ میں ازبکستان کے سلیم جونوف شوخ رخ بیگ نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ 33ویں منٹ میں پاکستان کے سفیان خان نے پینلٹی کارنر کو گول میں بدل کر پاکستان کو 1-2 کر دیا۔ 40ویں منٹ میں عبد الرحمن نے پینلٹی کارنر پر گول سکور کر کے برتری 1-3 کر دی۔ 45ویں منٹ میں ابوبکر محمود نے پینلٹی سٹروک پر کامیابی سے گول کر کے سکور 1-4 کر دیا۔ 57ویں منٹ میں سفیان خان نے میچ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول پینلٹی کارنر کے ذریعے سکور کر کے پاکستان کی 1-5 سے فتح یقینی بنا دی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی ٹیم کی اس شاندار فتح پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم آگے بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھے گی۔