وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے قائمقام گورنر بلوچستان جام محمد جمالی کی ملاقات ، جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے قائمقام گورنر بلوچستان جام محمد جمالی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے توانائی اورپاور ڈویژن محمد ہاشم نوتیزئی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے صوبہ بلوچستان میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بلوچستان کے لوگوں کی تعلیمی ترقی پر خاص توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے مختلف طریقوں پر کام کر رہے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے جعفرآباد بلوچستان میں کامسیٹ یونیورسٹی کی اراضی کا دیرینہ مسئلہ اٹھایا۔

وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ کوئٹہ، جعفر آباد اور گوادر میں کامسیٹ یونیورسٹی کے تین نئے کیمپس پہلے ہی منظور شدہ ہیں جنہیں جدید ترین اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر قائم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ جلد ہی پاکستان سائنس فاونڈیشن بلوچستان کے ذہین طلباءکے لیے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے لیے وظائف کا اعلان کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف ڈویژنز میں کریش ووکیشنل ٹریننگ پروگرام شروع کیے جائیں گے اور لوگوں کو بااختیار بنانے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے غیر ملکی تربیتی پروگرام بھی اس اقدام کا حصہ ہوں گے۔ گورنر بلوچستان نے صوبے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات اور تعاون کو سراہا۔