سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے زیر اہتمام حج سیزن کے کامیاب اختتام پر مکہ مکرمہ میں باوقار عالمی ’’ خِتَامُہُ مِسک‘‘ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی سربراہی میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور ڈی جی حج عبد الوہاب سومرو پر مشتمل پاکستانی وفد نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی سعودی وزیر حج اور عالمی وفود سے ملاقاتیں، پاکستانی حج انتظامات کی بھرپور پذیرائی، اگلے سیزن کی تیاریاں فوری شروع کرنے کا عندیہ

مزید خبریں
خرم شہزاد
مکہ مکرمہ۔30مئی (اے پی پی):سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے زیر اہتمام حج سیزن کے کامیاب اختتام پر مکہ مکرمہ میں باوقار عالمی ’’ خِتَامُہُ مِسک‘‘ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی سربراہی میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور ڈی جی حج عبد الوہاب سومرو پر مشتمل پاکستانی وفد نے شرکت کی۔کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے اپنے سعودی ہم منصب، وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الرَّبِیْعَہ سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کے لیے کیے گئے بہترین انتظامات کو زبردست الفاظ میں سراہا اور اگلے حج کے انتظامات فوری طور پر شروع کرنے کا عندیہ دیا۔کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر وفاقی وزیر نے سلطنتِ عمان، برونائی دارالسلام، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور کویت سمیت دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے اوقاف اور اعلیٰ سطح کے حکومتی وفود سے ملاقاتیں کیں۔

ان ملاقاتوں میں رہنماؤں نے اپنے اپنے ممالک کے حج آپریشنز کے تجربات کا تبادلہ کیا اور مستقبل میں زائرین کو مزید جدید لاجسٹک اور ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پر گفتگو کی۔ عالمی کانفرنس کے شرکا کی جانب سے پاکستانی حج مشن کی انتظامی کامیابیوں کو بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔








