وفاقی وزیر سفیران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کاخاران کے دورے کے موقع پر پی پی ایچ آئی خاران اور واشک کے کنٹریکٹ ملازمین سے ملاقات کے موقع پرگفتگو

کوئٹہ۔11 نومبر (اے پی پی)وفاقی وزیر سفیران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت بےروزگاری کے خاتمے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی اور صوبائی حکومت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے خاران کے دورے کے موقع پر پی پی ایچ آئی خاران اور واشک کے کنٹریکٹ ملازمین سے ملاقات کے دوران کیا۔ کنٹریکٹ ملازمین نے وفاقی وزیر کو اپنی مستقلی کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا اور درخواست پیش کی جس پر وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے انہیں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس اہم مسئلے سے متعلق وہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناءاللہ خان زہری سے خصوصی بات چیت کریں گے۔