کراچی۔ 20 مئی (اے پی پی):ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے آرمی چیف سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی حاصل کرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شاندار عسکری بصیرت، غیر متزلزل قیادت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے …
وفاقی وزیر سید مصطفی کمال کی سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد

مزید خبریں
کراچی۔ 20 مئی (اے پی پی):ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے آرمی چیف سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی حاصل کرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شاندار عسکری بصیرت، غیر متزلزل قیادت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے جرأت مندانہ فیصلے نہ صرف پاکستان کی سلامتی کے ضامن ہیں بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ اطمینان اور فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نہ صرف روایتی جنگی میدان میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیا بلکہ اعصابی محاذ پر بھی اپنی حکمت و تدبر سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، جو جدید عسکری قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ صرف ایک اعزاز نہیں بلکہ یہ اس بے مثال خدمات کا اعتراف ہے جو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مادرِ وطن کی بقاء اور سالمیت کے لیے انجام دی ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ آج کا پاکستان ایک مضبوط، مستحکم اور پرعزم فوجی قیادت کے تحت اپنی سمت درست کر چکا ہے اور پوری قوم کو فیلڈ مارشل عاصم منیر جیسے سپہ سالار پر مکمل اعتماد ہے۔
اُنہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرِ قیادت پاکستان دشمنوں کے ہر سازش کو ناکام بناتے ہوئے ترقی اور استحکام کی نئی منازل طے کرے گا۔








