اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت پی آئی اے کو 416 ارب روپے کے موجودہ مالی بحران سے نکالنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے ساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے، پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کے لئے نئے روٹس تلاش کیے جارہے ہیں، حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں اور فیصلوں کو مدنظر رکھتے …
وفاقی وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان کی صحافیوں سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت پی آئی اے کو 416 ارب روپے کے موجودہ مالی بحران سے نکالنے کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے ساتھ اقدامات اٹھا رہی ہے، پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کے لئے نئے روٹس تلاش کیے جارہے ہیں، حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں اور فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 11 سال کے تعطل کے بعد برٹش ائیر ویز اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر نے جارہی ہے۔ وہ جمعہ کو وزارت ہوا بازی میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے ایوی ایشن پالیسی کی منظوری کے بعد پی آئی اے بزنس پلان پر عمل درآمد کے بعد پی آئی اے کی مالی پوزیشن میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت پی آئی اے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، پی آئی اے کے منافع بخش روٹس پرپروازوں میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بھی بہترین سفری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ وفاقی وزیر شہری ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ98 ممالک کے ساتھ پاکستان کے فضائی خدمات کے معاہدے موجود ہیں جس میں فریکوئنسی، نشستوں، لینڈنگ پوائنٹس اور کوڈ شیئر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی حدود کی بندش سے پاکستان کی نسبت بھارت کو زیادہ نقصان اٹھانا پڑا کیونکہ پاکستان کی صرف دو پروازیں بھارتی فضائی حدود استعمال کرتی تھیں جبکہ بھارتی پروازوں کی اکثریت پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی تھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کی اس وقت 18 بین الاقوامی روٹس پر پروازیں چل رہی ھیں جن میں برطانیہ، اٹلی، فرانس، سپین، ناروے، ڈنمارک، سعودی عرب، عمان، متحدہ عرب امارات، عراق، قطر، چین، ملائیشیا، انڈیا، افغانستان، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ اور کینیڈا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی ائیر لائنیں پاکستان کے لئے مزید پروازیں شروع کرنے کی درخواستیں کرر ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 11 سال کی بندش کے بعد برٹش ایئر ویز لندن اور اسلام آباد کے درمیان دوبارہ پروازیں شروع کر رہی ہے جس میں بوئنگ787 طیارے استعمال کئے جائیں گے۔ برطانوی اور پاکستانی شہری دونوں اس بہترین سروس سے مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش ائیر ویز کے سکیورٹی سے متعلق خدشات کو دور کرنے کے لئے پاکستان اپنی تمام تر ذمہ دارایاں پوری کریگا، پنجاب پولیس، ائیر پورٹ سکیورٹی فورس اور دیگر متعلقہ ادارے بھرپور سکیورٹی فراہم کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں پھنسے ہوئے 300 پاکستانیوں کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے 29 مئی کو واپس لایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران کی ذمہ دار پی ٹی آئی نہیں بلکہ گزشتہ 35 سالوں سے حکمرانی کرنے والے کرپٹ سیاستدان ہیں، جنہوں نے بے دردری سے اس ملک کے خزانے کو لوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ احتساب کا عمل اسی طرح جاری رہے گا، اس میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی اور تمام سازشیں دم توڑ جائیں گی ۔








