وفاقی وزیر صحت نے وزارت صحت کے احاطے میں لائف سٹائل میڈیسن ہیلتھ کینٹین کا افتتاح کر دیا

وفاقی وزیر صحت نے وزارت صحت کے احاطے میں لائف سٹائل میڈیسن ہیلتھ کینٹین کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پاکستان ایسوسی ایشن آف لائف سٹائل میڈیسن کے صدر ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ وزارت صحت کے احاطے میں لائف سٹائل میڈیسن ہیلتھ کینٹین کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری اور وزارت صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ہیلتھ کینٹین پاکستان ایسوسی ایشن آف لائف سٹائل میڈیسن اور رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ کلنری آرٹس کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’آج کی صحت مند خوراک، کل کی صحت مند زندگی -لائف سٹائل میڈیسن‘‘ کا عملی آغاز کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہیلتھ کینٹین کا مقصد وزارت صحت کے افسران اور ملازمین کو صحت بخش اور متوازن خوراک کی سہولت فراہم کرنا ہے،کینٹین میں ایسی صحت بخش غذائیں دستیاب ہوں گی جن کی تیاری میں پراسیسڈ فوڈز اور سفید چینی سے مکمل گریز کیا جائے گا۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت مند زندگی کا آغاز صحت مند خوراک کے انتخاب سے ہوتا ہے، روزمرہ خوراک میں مثبت تبدیلیاں موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر غیر متعدی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت بخش خوراک کی فراہمی کا یہ اقدام صرف ایک کینٹین کا قیام نہیں بلکہ لائف سٹائل میڈیسن اور بیماریوں سے بچائو کے کلچر کو فروغ دینے کی عملی کوشش ہے۔وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وزارت صحت لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سرکاری اداروں میں صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور خوراک کے آپشنز کو عام کیا جانا چاہیے تاکہ صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔