یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،شہر کی مرکزی شاہراہوں،بازاروں، چوک چوراہوں اور گلی محلوں میں سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں نے شہر کا حسن دوبالا کر دیا ہے۔
ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں
لاہور۔12اگست (اے پی پی):یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،شہر کی مرکزی شاہراہوں،بازاروں، چوک چوراہوں اور گلی محلوں میں سبز ہلالی پرچموں اور برقی قمقموں نے شہر کا حسن دوبالا کر دیا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی سٹالز اور عارضی بازار سج گئے ہیں جہاں شہریوں،بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے،ان سٹالز پر قومی پرچم، سبز و سفید جھنڈیاں،بیجز، ٹوپیاں، گھڑیاں، سٹکرز، قومی رنگوں کے ملبوسات اور گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی سجاوٹ کا سامان شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
بازاروں کا رخ کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر اپنے گھروں،دکانوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو قومی پرچم اور سبز و سفید رنگوں سے سجانا حب الوطنی کے اظہار کا ایک خوبصورت انداز ہے۔بچوں کیلئے سبز و سفید لباس،قومی پرچم سے مزین اشیا اور دیگر لوازمات کی خریداری بھی جاری ہے۔شہری علی رضا نے” اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال یوم آزادی کے موقع پر وہ اپنے بچوں کے لیے قومی رنگوں کے کپڑے اور پرچم خریدتے ہیں،تاہم اس مرتبہ بچوں میں جشن آزادی کے حوالے سے خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ایک شہری ثنا گوہر نے کہا کہ یوم آزادی صرف خوشی منانے کا دن نہیں بلکہ یہ ہمیں آزادی کے حصول کیلئے دی جانے والی قربانیوں کی بھی یاد دلاتا ہے،اس لیے وہ اپنے بچوں کو اس دن کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے ساتھ انہیں قومی پرچم اور دیگر اشیا بھی خرید کر دیتے ہیں۔جشن آزادی کے سامان کے ایک سٹال فروش محمد عثمان نے بتایا کہ 14 اگست قریب آنے کے ساتھ قومی پرچموں، جھنڈیوں،بیجز اور گاڑیوں کی سجاوٹ کے سامان کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ شام کے اوقات میں بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد سٹالز کا رخ کر رہی ہے۔ایک اور نوجوان حمزہ اقبال نے کہا کہ وہ ہر سال اپنی موٹر سائیکل کو سبز و سفید رنگوں سے سجاتے ہیں اور اس مرتبہ بھی قومی پرچم اور سٹکرز خریدے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم دیکھ کر دل میں وطن سے محبت اور فخر کا جذبہ مزید اجاگر ہوتا ہے۔شہر کے مختلف علاقوں میں دکانوں، مارکیٹوں اور اہم عمارتوں کو بھی سبز و سفید روشنیوں سے سجانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بعض مقامات پر ملی نغموں کی آوازیں جشن آزادی کی فضا کو مزید پرجوش بنا رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر لاہور سمیت ملک بھر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستانی قوم اپنے وطن سے گہری محبت رکھتی ہے اور آزادی کی قدر و اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے۔









