وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نےکہا ہے کہ راولپنڈی کے مال روڈ پر سکیورٹی فورسز پر حملہ کوئی یکدم یا انفرادی عمل نہیں تھا بلکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سالہا سال سے پھیلائی جانے والی نفرت، اشتعال انگیزی اور اداروں کے خلاف تربیت کا شاخسانہ ہے۔
راولپنڈی میں فورسز پر حملہ پی ٹی آئی کے اشتعال انگیز بیانیے اور مسلسل منفی تربیت کا نتیجہ ہے، طلال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نےکہا ہے کہ راولپنڈی کے مال روڈ پر سکیورٹی فورسز پر حملہ کوئی یکدم یا انفرادی عمل نہیں تھا بلکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سالہا سال سے پھیلائی جانے والی نفرت، اشتعال انگیزی اور اداروں کے خلاف تربیت کا شاخسانہ ہے۔یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ گزشتہ روز مال روڈ راولپنڈی پر ایک سیاسی کارکن نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر کے ان کی جان لینے کی کوشش کی جس پر سکیورٹی فورسز نے سیلف ڈیفنس (ذاتی دفاع) میں جوابی فائرنگ کی اور وہ حملہ آور جاں بحق ہو گیا۔
طلال چوہدری نے پی ٹی آئی کے اس موقف کو سختی سے رد کر دیا کہ کارکن کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا یا اس عمل سے پارٹی کا کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اس کا ذہنی توازن خراب تھا تو اس نے اپنے گھر والوں، دوستوں یا اپنی پارٹی کے لیڈروں پر حملہ کیوں نہیں کیا؟ اس نے صرف اسی سکیورٹی فورس کو نشانہ بنایا جس کے خلاف پی ٹی آئی کی قیادت اور ان کے سوشل میڈیا کی جانب سے مسلسل زہر گھولا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ کارکن کے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر ایسی متعدد جعلی ویڈیوز اور پوسٹس موجود ہیں جن میں وہ ماسک پہن کر پولیس پر پتھرائو، غلیلیں چلاتے اور حملے کرتے دکھائی دیتا ہے۔
جب یہ کارکن پی ٹی آئی کی ہر تحریک، جلسے اور کے پی ہائوس اسلام آباد میں رہنمائوں کے ساتھ پیش پیش رہا اور اس کے پاس پارٹی کا جھنڈا بھی موجود تھا، تو اب پارٹی قیادت اس سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ 9 مئی، 26 نومبر اور اب راولپنڈی کا واقعہ، یہ سب پی ٹی آئی کے بانی، اس کی قیادت کی تقاریر اور بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز و سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی جانب سے نوجوانوں کے ذہنوں میں بھری جانے والی نفرت کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان کسی سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے سپاہی ہیں جو ملک میں امن و امان کے لیے اپنی ڈیوٹی دے رہے ہوتے ہیں۔ طلال چوہدری نے واضح کیا کہ اس واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات جاری ہیں اور تمام شواہد جلد سامنے لائے جائیں گے۔ ریاست اور ریاستی ادارے ملک کو غیر مستحکم کرنے یا اداروں پر حملوں کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے اور دنگا گردی و جلائو گھیرائو کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔








