پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی، سکل ایمبیسڈر پروگرام اور نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا اجرا،نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب

پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی، سکل ایمبیسڈر پروگرام اور نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا اجرا،نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی، نوجوانوں کو ہنر سیکھنے کے نئے مواقع فراہم کرنے اور انہیں مستقبل کی جاب مارکیٹ کے لیے تیار کرنے کے لیے سکل ایمبیسڈر پروگرام اور نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا اجراء کر دیا ہے اور کہا ہے کہ نوجوان نسل قوم کی امید ہے،نوجوانوں کو تعلیم کے یکساں مواقع کی فراہمی کے بغیر ترقی ممکن نہیں،نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں پیچھے نہیں رہنے دیں گے،غریب کا بچہ اعلیٰ تعلیم سے محروم کیوں رہے،دانش سکولوں کا معیار ایچی سن سے کسی طور کم نہیں ہے،اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی میں کلاسوں کا آغاز آئندہ سال ہو جائے گا، 7 لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر نوجوانوں میں تقسیم کئے ہیں، رواں سال مزید دو لاکھ پچاس ہزار نوجوانوں کو کروم بکس دیں گے،رواں سال ایک ہزار طلبہ و طالبات کو آئی ٹی اور اے آئی کی تعلیم کے لیے چین بھجوایا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں وفاقی وزراء ،ارکان پارلیمنٹ، طلبہ وطالبات اور دیگر شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم سب نوجوانوں کے عالمی دن کے سلسلے میں جمع ہیں،میں نے بہت کوشش کی ہےکہ تعلیم کے میدان میں ہم دوسرے ممالک کے مقابلے میں کسی طور بھی پیچھے نہ رہیں، اس کے لیے بطور خادم پنجاب تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کئے۔وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب اور باقی صوبوں کے طول و عرض میں لاکھوں کروڑوں بچے اور بچیاں انتہائی قابل اور ذہین ہیں اور اگر ان کو تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے کا موقع ملے تو وہ دوسرے دیہات اور شہروں کے بچوں کو پیچھے چھوڑ جائیں لیکن یہ کتنی ستم ظریفی ہے کہ ایک طرف امراء کے بچوں کو نہ صرف پاکستان کی بہترین درسگاہوں میں تعلیم کے مواقع میسر ہوتے ہیں بلکہ وہ دنیا کی بہترین یونیورسٹیز میں بھی مہنگے اخراجات برداشت کر کے تعلیم حاصل کر سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس وسائل ہوتے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں ملک میں لاکھوں والدین کو بچوں کے لئے عام تعلیم کے مواقع بھی میسر نہیں ہوتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایچی سن کالج میں اشرافیہ کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں جہاں پہ غریب والدین کے بچے تعلیم حاصل کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، یہ وہ تضاد ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں تعلیم کے میدان میں ہم بہت پیچھے رہ گئے لیکن الحمداللہ حالیہ سالوں میں دانش سکولوں کی جو بنیاد رکھی گئی ان سے غریب والدین کے بچے بھی بہترین تعلیم حاصل کر رہے ہیں،پاکستان بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی عظیم تحریک کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا جس کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا، انہوں نے تمام اپنی جائیدادیں اور ہر چیز وہاں چھوڑ کر اس خواب کو آنکھوں میں بسایا کہ پاکستان میں تعلیم،صحت اور محنت کے بل بوتے پر ترقی کے مواقع سے معاشرے میں اپنا مقام بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قیام پاکستان کا بنیادی مقصد ایک فلاحی ریاست کا قیام تھاجہاں پر سب کو مساوی حقوق اور ترقی کے مواقع حاصل ہوں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ منزل ہنوز دور ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں کا پنجاب سے آغاز کیا گیا، اب یہ سکول بطور خادم پاکستان گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑی علاقوں میں بھی بنا رہے ہیں جہاں پر ان شاء اللہ قوم کے عظیم بیٹوں اور بیٹیوں کو مفت تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا اور ان میں تعلیم کا معیار کسی صورت بھی ایچی سن کالج کم نہیں، دانش سکول میں تعلیم حاصل کرنے والے ایک محنت کش کے ہونہار بچے نے محنت کر کے اپنے والدین اور اساتذہ کا نام روشن کیا ہے، کراچی سے پشاور تک ہر بچے اور بچی کو تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہوں گے، نوجوانوں نے تعلیم کے شعبے میں بہت آگے جانا ہے، آج کا دور فنی تعلیم ، آئی ٹی اور اے آئی کا ہے اور اگر ہم نے اس جدید علوم کو اپنے سفر میں شامل نہ کیا تو پھر ہم ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج ہزاروں بچے اور بچیاں دانش سکولوں سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز ، انجینئرز اور ٹیچرز ہیں اور بیرون ملک جا کر مباحثوں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو نوجوان نسل سے بہت امیدیں وابستہ ہیں،نوجوان ملکی آبادی کا اکثریتی حصہ ہے انہیں مختلف ہنرمندی کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے اس سال نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بجٹ میں خاطر خواہ رقوم رکھی ہیں ،پچھلے سال چاروں صوبوں سے میرٹ پر سرکاری خرچ پر ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو تربیت کے لیے چین بھجوایا گیا تھا، ایک ہزار بچے اور بچیاں اس سال مزید بھجوائیں گے،میٹرک اور ایف اے، ایف ایس سی کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو رواں سال آئی ٹی اور اے آئی کی تعلیم کے لیے چین بھجوائیں گے، سلیکشن صرف میرٹ پر ہوگی، تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی تاکہ وہ قوم کا عظیم سرمایہ بنیں،تمام وسائل نوجوانوں کی ترقی کے لیے نچھاور کریں گے،ماضی کی غلطیوں کا ازالہ نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے فنڈز کی فراہمی سے ممکن ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلام اباد میں پاکستان کی بہترین دانش یونیورسٹی معرض وجود میں آرہی ہے اور اگلے سال کلاسز شروع ہو جائیں گی، یہ مکمل طور پر ٹیک فوکسڈ یونیورسٹی ہوگی جہاں فنی و پیشہ وارانہ تعلیم دی جائے گی، اگر پیسے نہیں ہیں تو کوئی بات نہیں نمبرز ہیں تو دانش یونیورسٹی کے دروازے طلبہ و طالبات کے لیے کھلے ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ محنتی، ہونہار اور لائق طلبہ و طالبات میں 7 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں، رواں سال اڑھائی لاکھ مزید کروم بکس ملک بھر کے ہونہار طلبہ و طالبات کو دیئے جائیں گے۔لیپ ٹاپ کو مشین کہنے والے کہتے رہیں میں اس کو مشن سمجھتا ہوں اور اس مشن کو آگے بڑھاتا رہوں گا اور نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم، بہتری اور انہیں عزت اور باوقار روزگار دلانے کے لئے ہر کام کر گزروں گا، اس قوم کے لیے 1947ء میں پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا تھا مگر 2047 ءکا پاکستان نوجوانوں کی سوچ اور جوش سے بنے گا، یہ محض الفاظ نہیں ایک وژن ہے۔اس موقع پر وزیراعظم نے پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا باضابطہ اعلان کیا، پالیسی کے تحت تمام لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹہ لازمی ہوگا جبکہ نوجوانوں کو ملازمتوں کے بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہر سال سٹارٹ اپس کے لیے 10 فیصد کوٹہ مختص ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے مکے دشمنوں کے لیے ہیں، یہ غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے ہیں،نوجوانوں کو تعلیم اور ترقی کے لیے ہر قسم کے وسائل فراہم کیے جائیں گے ،صوبائی حکومتیں بھی دانش سکول کی طرز کے اعلیٰ معیار کے تعلیمی ادارے قائم کریں۔تقریب سے وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں 2047ء کے پاکستان کے وژن کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی،وزارت اطلاعات ونشریات کی طرف سے نوجوانوں کے لیے تیار کردہ خصوصی ملی نغمہ پیش کیا گیا۔

وزیراعظم نے نیشنل ایمپلائمنٹ پالیسی کی کور ٹاسک فورس کے ارکان میں اسناد اور دانش سکول کے پوزیشن ہولڈرز اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کو ایوارڈز دیئے۔وزیراعظم نے دانش سکول فاضل پور میں زیر تعلیم ہونہار طالب علم محمد قاسم کی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے تحت ایس ایس سی پارٹ ٹو کے امتحان میں سائنس گروپ میں پہلی جبکہ مجموعی طور پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر حوصلہ افزائی کی اور اسے شاباش دی۔

مزید خبریں