علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے درمیان تعلیمی، صنعتی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے درمیان تعلیمی، صنعتی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ مفاہمت کی یادداشت پر پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین مرتضیٰ منڈوی والا اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس نے دستخط کیے۔اس مفاہمت کا بنیادی مقصد یونیورسٹی اور صنعت کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنا، طلبہ اور نوجوانوں کو جاپانی زبان، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں، کاروباری و صنعتی تحقیق، عملی تربیت، انٹرن شپ اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

معاہدے کے تحت دونوں ادارے جاپانی کمپنیوں اور صنعتی اداروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری، تربیتی پروگراموں کے انعقاد اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین مرتضیٰ منڈوی والا نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو تعلیمی اور صنعتی تعاون کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں کی ضروریات کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کی فنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ یہ شراکت داری نوجوانوں کو جدید مہارتیں حاصل کرنے، صنعتی شعبے سے منسلک ہونے اور روزگار کے نئے مواقع تک رسائی میں معاون ثابت ہوگی۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس نے کہا کہ یونیورسٹی ملک بھر میں لاکھوں طلبہ تک رسائی رکھنے والا ایک وسیع تعلیمی ادارہ ہے اور اس کے طلبہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

رجسٹرار نے مزید کہا کہ جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کے پلیٹ فارم سے جاپانی زبان و ثقافت، پیشہ ورانہ تربیت، صنعتی روابط اور کاروباری تعاون کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ پاکستان جاپان بزنس فورم کے ساتھ یہ شراکت داری ان کوششوں کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے میں معاون ہوگی۔تقریب میں یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سید عامر شاہ، جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کے ڈاکٹر طارق چیمہ، سید بہرام شاہ، طاہر حبیب چیمہ، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر صائمہ ناصر اور یونیورسٹی کے دیگر پرنسپل افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں