وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم میں 150 ایکڑ اراضی پر آٹوموٹیو پروسیسنگ زون قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کی سہولت کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق مرحلہ وار وسعت دی جائے گی۔
وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری کا پورٹ قاسم میں 150 ایکڑ اراضی پر آٹوموٹیو پروسیسنگ زون قائم کرنے کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم میں 150 ایکڑ اراضی پر آٹوموٹیو پروسیسنگ زون قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کی سہولت کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق مرحلہ وار وسعت دی جائے گی۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بدھ کو یہ فیصلہ ایک اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ) سید معظم الیاس اور پی کیو اے بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد آٹو زون کو مزید مراحل میں وسعت دی جائے گی جس سے اس منصوبے کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق بڑھنے میں مدد ملے گی۔
تجویز کردہ زون پانچ خصوصی شعبوں پر مشتمل 264 آپریشنل یونٹس پر محیط ہوگا جن میں 30 کمرشل یونٹس، 84 ری فربشمنٹ (مرمت و تجدید) ورکشاپس، 60 کار ڈسپلے یونٹس، 20 مشینری یارڈز اور 70 آٹو سپیئر پارٹس یونٹس شامل ہیں۔منصوبے کے تصور کے مطابق یہ سہولت پورٹ قاسم انڈسٹریل کوریڈور کے اندر تیار کی جائے گی جس سے بندرگاہ تک براہ راست رسائی ممکن ہوگی اور درآمدی و برآمدی گاڑیوں کے لیے اندرون ملک لاجسٹکس کی ضروریات کم ہوں گی۔اس مجوزہ سہولت کا مقصد گاڑیوں کی درآمد، ری فربشمنٹ، ڈسپلے اور برآمد کے لیے ایک مربوط پلیٹ فارم تشکیل دینا ہے۔ یہ منصوبہ آٹوموٹیو سیکٹر کے لیے پاکستان کے پہلے مخصوص ’درآمد-ری فربشمنٹ-برآمد‘ (اے آئی آر ای) فریم ورک کا تصور پیش کرتا ہے۔ پورٹ قاسم کے سٹریٹجک محل وقوع کو اس منصوبے کے لیے ایک اہم فائدہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ بندرگاہ گاڑیوں کی تجارت کے لیے پاکستان کے اہم ترین مراکز میں سے ایک ہے اور ملک کی سمندری تجارت کا ایک بڑا حصہ یہیں سے سرانجام پاتا ہے۔
منصوبے کے حامیوں کا تخمینہ ہے کہ اے آئی آر ای پارک تقریباً 500 ملین ڈالر کی برآمدات کی بنیاد پر سالانہ تقریباً 200 ملین ڈالر کا خالص زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ توقع ہے کہ یہ سہولت تجارتی سرگرمیوں، ری فربشمنٹ کی سہولیات، مشینری یارڈز، گاڑیوں کے ڈسپلے اور سپیئر پارٹس فراہم کرنے والوں کو بندرگاہ پر مبنی ایک ہی ایکو سسٹم میں اکٹھا کر کے آٹوموٹیو کاروبار کو فروغ دے گی۔مجوزہ زون بحیرہ عرب کے اس شپنگ کوریڈور کے ساتھ واقع ہوگا جو جنوبی ایشیا کو خلیجی خطے اور مشرقی افریقہ سے ملاتا ہے جس سے ممکنہ طور پر گاڑیوں کی علاقائی تجارت میں آسانی پیدا ہوگی۔ پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیئرمین ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ) سید معظم الیاس نے کہا کہ مرحلہ وار طریقہ کار منصوبے کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق وسعت دینے کی سہولت دے گا اور ملک کے دیگر حصوں میں اسی طرح کے آٹوموٹیو زونز کے قیام کے لیے ایک نمونہ فراہم کر سکتا ہے۔








