وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا کی ملاقات

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعلقات کو مذید فروغ دینے کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔

وفاقی وزیر نے یورپی یونین کی سفیر کو پاکستان میں ہونے والی قانون سازی کے حوالے سے آگاہ کیا،جبری گمشدگی اور لاپتہ افراد کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اقلیتوں کے حوالے سے ہونے والی قانون سازی کے بارے میں بھی وفاقی وزیر نے یورپی یونین کی سفیر کو آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے کو حل کرنا ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان میں موجود اقلیتوں کا ہمیں پورا احساس ہے اور ہم ان کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں،پاکستان میں قانون سازی پر بھرپور کام ہو رہا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں، ہم ایک خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جو بین الاقوامی برادری کے ساتھ کھڑے ہونے سے ہی ممکن ہے۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور پاکستانیوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں اہم شراکت دار رہا ہے،دونوں فریقوں نے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور مزید مضبوط شراکت داری کے لیے خواہش کا اظہار کیا۔