وفاقی وزیر قومی صحت کی ورلڈ بینک کے نمائندوں سے ملاقات ،پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو بہتر بنانے، ٹیلی میڈیسن کے فروغ کے لیے تعاون پر اتفاق

وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ کانفرنس کے دوران ورلڈ بینک کے نمائندوں سے ملاقات کی ،جس میں پاکستان کے صحت کے شعبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ کانفرنس کے دوران ورلڈ بینک کے نمائندوں سے ملاقات کی ،جس میں پاکستان کے صحت کے شعبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرِ صحت نے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ملاقات میں پاکستان میں ویکسین کی مقامی تیاری کے عمل پر بھی گفتگو ہوئی جسے ورلڈ بینک کے نمائندوں نے سراہا۔ وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے ورلڈ بینک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے عالمی اداروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کے نمائندوں نے پاکستان کے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ صحت سے متعلق پالیسیوں، منصوبوں اور مستقبل کے وژن کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں۔ورلڈ بینک نے صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے اپنے تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان میں ویکسین کی پروڈکشن کے فروغ کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو بہتر بنانے اور ٹیلی میڈیسن کے فروغ کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔