وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے اردن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) خرم سرفراز خان کی ملاقات

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے اردن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) خرم سرفراز خان نے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمٰن گیلانی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور اردن کے مابین دوطرفہ سفارتی اور ثقافتی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس …

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے اردن میں پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) خرم سرفراز خان نے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اسد رحمٰن گیلانی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور اردن کے مابین دوطرفہ سفارتی اور ثقافتی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور وقار حاصل ہوا ہے اور دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمٰن گیلانی نے کہا کہ اردن جانے والے پاکستانیوں کی تعداد نسبتاً کم ہے اور اس حوالے سے اردن میں پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا سہولیات میں آسانی پیدا کرنے کی ضرورت ہے

۔ نامزد سفیر میجر جنرل (ر) خرم سرفراز خان نے بتایا کہ اردن میں پاکستانیوں کی کم تعداد کی مختلف وجوہات ہیں تاہم اردن میں کئی انبیاء کرام اور صحابہ کرامؓ کے مزارات موجود ہیں جن کی زیارت کے لیے بڑی تعداد میں پاکستانی شہری جانا چاہتے ہیں۔ ملاقات میں ثقافتی تعاون کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا موثر ذریعہ قرار دیا گیا۔ نامزد سفیر نے کہا کہ ورثہ اور ثقافت قوموں کے درمیان روابط قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں جبکہ پاکستان اور اردن کے درمیان تعلقات قیام پاکستان کے وقت سے موجود ہیں جنہیں ثقافتی سطح پر مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں مختلف ممالک کے ثقافتی ہفتے منائے جا رہے ہیں اور اسی طرح اردن کی ثقافت کا ہفتہ بھی پاکستان میں منعقد کیا جا سکتا ہے۔

سفیر نے پاکستانی دستکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دستکاری بالخصوص چنیوٹ کی لکڑی پر کی جانے والی نفیس کاریگری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اسد رحمٰن گیلانی نے سفیر کو پاکستان کی علاقائی دستکاری، ثقافت اور فنکاروں کے کام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دستکاریاں، فن پارے اور دیگر ثقافتی اشیاء نمائش کے لیے اردن بھی بھیجی جا سکتی ہیں۔سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے تعلقات حکومتی سطح پر مضبوط ہیں تاہم عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

سفیر نے پاکستانی نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل میں کاروباری حوالے سے جدید اور تخلیقی خیالات موجود ہیں۔ملاقات کے اختتام پر سیکرٹری اسد رحمٰن گیلانی نے تجویز دی کہ پاکستان اور اردن کے اشتراک سے اردن میں فرنیچر ایکسپو کا انعقاد کیا جا سکتا ہے جہاں پاکستانی لکڑی پر کشیدہ کاری اور دستکاری کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔