وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے روسی فیڈریشن کے سفیر البرٹ پی خوریف کی ملاقات

وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے روسی فیڈریشن کے سفیر البرٹ پی خوریف کی ملاقات

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی سے پاکستان میں روسی فیڈریشن کے سفیر البرٹ پی خوریف نے بدھ کو ملاقات کی جس میں پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ ثقافتی تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے فن، موسیقی، فلم اور ورثے کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات نہایت اہم ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ روسی موسیقاروں، فنکاروں اور رقاصوں کو پاکستان مدعو کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے فن اور ثقافتی روایات کا مظاہرہ کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے نمایاں ثقافتی ادارے جن میں لوک ورثہ اور پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) شامل ہیں، روسی ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیر التواء مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) وزیر اعظم کے متوقع دورے کے بعد حتمی شکل اختیار کرے گی جس کے بعد دونوں ممالک مشترکہ نمائشوں، فن پاروں کی نمائش اور مصوری کے پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے پاک-روس ثقافتی تعلقات کو مزید وسعت دے سکیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق پاکستان دوست ممالک کے ساتھ ثقافتی ہفتوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کا مقصد ثقافتی سفارت کاری کو فروغ دینا ہے۔روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے وفاقی وزیر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی روس کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نفٹی سفیئر انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائن اس موقع پر روسی ملبوسات کی نمائش پیش کرے گا۔روسی سفیر نے وفاقی وزیر کے مشیر برائے ثقافتی امور عثمان شاہ کی خدمات کو بھی سراہا جو اس ملاقات میں موجود تھے اور کہا کہ وہ وفاقی وزیر کی جانب سے ثقافتی روابط کے فروغ میں موثر کردار ادا کر رہے ہیں۔ملاقات کے دوران روسی سفیر نے پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی تعاون کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد روسی فلمیں پہلے ہی تیار ہو چکی ہیں اور انہیں اردو زبان میں ڈب بھی کیا گیا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں ان فلموں کی خصوصی نمائش کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان فلموں کی نمائش کے بعد روسی فلم ڈائریکٹرز کو مباحثوں اور انٹرایکٹو سیشنز میں مدعو کیا جائے تاکہ ثقافتی تفہیم اور فنکارانہ تبادلے کو فروغ دیا جا سکے۔اس کے علاوہ روسی سفیر نے پاکستان میں ’’روسی ہفتہ‘‘ منانے کی تجویز دی جس میں فلمیں، دستاویزی پروگرام اور ثقافتی سرگرمیاں شامل ہوں تاکہ دونوں ممالک کے ورثے اور روایات کو اجاگر کیا جا سکے۔

انہوں نے ثقافتی تعاون کو ادارہ جاتی سطح پر مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں مختلف ثقافتی اور فنی سرگرمیوں کے انعقاد میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی تاکہ فنکاروں، طلبہ اور ثقافتی نمائندوں کے درمیان روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور فنون، ورثہ اور تخلیقی شعبوں میں مسلسل تعاون کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیا جائے گا۔

مزید خبریں