وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کا سکھ ورثہ کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی مذہبی اساس پر قائم ہے، اقلیتوں کو مذہبی آزادی کا حق اسلام نے دیا ہے، کسی مندر اور گوردوارہ کے قیام سے پاکستان کی نظریاتی اساس اثر انداز نہیں ہو گی، جرائم کے واقعات کو مذہبی منافرت پھیلانے کے لئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان …

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی مذہبی اساس پر قائم ہے، اقلیتوں کو مذہبی آزادی کا حق اسلام نے دیا ہے، کسی مندر اور گوردوارہ کے قیام سے پاکستان کی نظریاتی اساس اثر انداز نہیں ہو گی، جرائم کے واقعات کو مذہبی منافرت پھیلانے کے لئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سکھ ورثہ کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا کہ مذہبی آزادی کے حوالے سے جو فراخدلی پاکستان نے دکھائی ہے وہ کسی دوسرے ملک میں نظر نہیں آتی، کسی مندر اور گوردوارے کے قیام سے پاکستان کی نظریاتی اساس پرکوئی فرق نہیں پڑتا، پاکستان اپنی اساس پر قائم ہے، اقلیتوں کو مذہبی آزادی کا حق میرا دین اور آئین دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرم کے ہر واقعہ کو مذہبی منافرت پھیلانے کے لئے استعمال نہیں کیا جانا چاہئے، ہمارے ہمسائے میں مسلمانوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، پاکستان میں گوردواروں اور مندروں کی جیو ٹیگنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقف جائیدادوں کی تمام تفصیلات آن لائن دستیاب ہوں گی، گزشتہ دو سال میں واجبات ریکوری میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور ویب سائٹ اور سکھ ورثہ پر مشتمل کتاب کی رونمائی حکومت کی سکھ برادری سے کمٹمنٹ کی عکاس ہے، یہ صرف سکھ قوم ہی نہیں بلکہ پنجاب کی ثقافت کا بھی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2018ءمیں وزیراعظم عمران خان نے مجھے اور شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ ہم نے کرتارپور راہداری کوکھولنا ہے، فیصلے کے ایک سال بعد دنیا نے دیکھا کہ ہم نے دنیا کا سب سے بڑا گوردوارہ کھول دیا اور راہداری بن گئی۔