وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی صدارت ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس، مون سون کے حوالے سے مربوط قومی حکمت عملی پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر قائم کردہ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا دوسرا اہم اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں مون سون 2026 کے دوران جان و مال اور قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر قائم کردہ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا دوسرا اہم اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں مون سون 2026 کے دوران جان و مال اور قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے وڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایمرجنسی رسپانس کمیٹی نے مون سون 2026 کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے اب تک کی گئی تیاریوں اور ہنگامی ردعمل کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی اداروں کی جانب سے مون سون کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے اور بالخصوص شمالی علاقہ جات میں محفوظ سیاحت کو یقینی بنانے کے حوالے سے کی گئی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے ٹوٹنے ، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے بہائو کے شدید خدشات موجود ہیں جس کے لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیشگی منصوبہ بندی، بروقت اقدامات اور تمام سٹیک ہولڈرز و اداروں کے درمیان موثر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر موثر رابطہ کاری اور بروقت ردعمل کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔ این ڈی ایم اے نے تمام اداروں کے تعاون سے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔