وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں شہزاد اکبر نے بڑی کرپشن کو بے نقاب کیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن نے 10 سالوں میں 433 ملین روپے ریکور کئے اور اب ایک سال میں 1.7 ارب روپے کی ریکوری کی …

اسلام آباد ۔ 9 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں شہزاد اکبر نے بڑی کرپشن کو بے نقاب کیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن نے 10 سالوں میں 433 ملین روپے ریکور کئے اور اب ایک سال میں 1.7 ارب روپے کی ریکوری کی ہے، مواصلات کی وزارت میں اربوں روپے کی کرپشن پکڑی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ سی ایم سیکرٹریٹ میں کرپشن کا پیسہ آ رہا تھا، شہباز شریف کا کیس بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سرپرستی میں شہزاد اکبر نے بڑی کرپشن کو بے نقاب کیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے دورمیں کرپشن کا پیسہ آتا تھا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا کہ مواصلات کی وزارت میں اربوں روپے کی کرپشن پکڑی گئی، اسی طرح کی 6، 7 کمپنیاں اور بھی پکڑی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے پیسوں سے شہباز شریف نے اپنی بیگم کےلئے مارگلہ میں گھر خریدا، میں نے شہباز شریف سے سوالات پوچھے مگر ان کا جواب ابھی تک نہیں آیا، ایسے لگتا ہے ان کی عزت برطانیہ کی عدالتوں میں ہی بحال ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل نے لیگی رہنماﺅں کی کرپشن کی خبر دی تھی جس پر شہباز شریف نے برطانوی صحافی ڈیوڈ روز کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا تھا، ڈیوڈ روز منتظر ہیں کہ کب شہباز شریف ان کو نوٹس بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں وزیراعلیٰ ہاﺅس میں تعینات دو ڈائریکٹرز اور ان کے کیش بوائے تسلیم کر چکے ہیں کہ وہ ان کی ایماءپر ہی سب کچھ کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سے حاصل ہونے والے 7 ارب روپے سلمان شہباز کے اکاﺅنٹ میں منتقل ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جون 2018ءسے منتظر ہیں کہ ہمیں کب نوٹس آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے خلاف برطانیہ کی عدالت میں کیس کریں گے لیکن آج تک ایسا نہ ہو سکا۔ پیر کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے سوال اٹھایا کہ ہم شہباز شریف کی تلاش میں ہیں۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ شہباز شریف بتائیں علی احمد گل اور نثار ملک سے ان کا کیا تعلق ہے، شہباز شریف ان 18 سوالوں کے جواب دیں۔