اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت پانچ سال کی آئینی مدت پوری کرے گی ، 24 ہزار ارب کے بیرونی قرض،1250 ارب کے گردشی قرضے ختم اور گروی رکھے گئے ائیر پورٹس اور موٹر ویز اپنے پاﺅں پر کھڑے ملیں گے، این ایچ اے نے سی پیک سے متعلق …
وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا نیشنل بینک کے ساتھ قومی شاہراہوں پر زیتون کے پودے لگانے کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 15 جنوری (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت پانچ سال کی آئینی مدت پوری کرے گی ، 24 ہزار ارب کے بیرونی قرض،1250 ارب کے گردشی قرضے ختم اور گروی رکھے گئے ائیر پورٹس اور موٹر ویز اپنے پاﺅں پر کھڑے ملیں گے، این ایچ اے نے سی پیک سے متعلق تمام منصوبے بروقت مکمل کیے ہیں، اب سی پیک کے مغربی روٹ پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، این ایچ اے ہر سال اپنی آمدن کے اہداف کو بڑھا رہی ہے، پانچویں سال 100 ارب آمدن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وہ بدھ کو این ایچ اے ہیڈکوارٹر میں نیشنل بینک آف پاکستان کے ساتھ قومی شاہراہوں پر زیتون کو پودے لگانے کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل، وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم، چیئرمین این ایچ اے، سیکرٹری این ایچ اے، نیشنل بینک اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل بینک کے ساتھ قومی شاہراہوں اور موٹرو ویز کے اطراف زیتون کے پودے لگانے کا ایم او یو سائن ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں حکومت بنی تو وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بلین ٹری لگائے گئے اور جب وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو درخت لگانے کے لئے گرین اینڈ کلین پاکستان پروگرام کا آغاز کیا گیا جس پر کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے، این ایچ اے بھی دیگر اداروں کی طرح اس پروگرام میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے فلیگ شپ پرگراموں میں کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام، کامیاب جوان پروگرام، احساس پروگرام کے ساتھ ساتھ اداروں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کا پروگرام بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو 1250 ارب کے گردشی قرضے، سوئی گیس کے شعبے 250 ارب کے قرضے، تمام ادارے خسارے میں اور موٹرویز، ائیر پورٹس، ریڈیو پاکستان کی عمارت گروی چھوڑ کرگئے تھے، اگر ان معاملات میں قومی خزانے سے خرچ نہ ہو تو تمام وسائل عوام کی خدمت اور ترقی پر خرچ ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے نے پہلے سال 42ارب، اس سال 60 ارب اور پانچ سالوں میں 100 ارب آمدن کا ہدف طے کیا ہے جبکہ پہلے 16 ماہ میں 25 ارب 80 کروڑ اضافی آمدن،11 ارب 90 کروڑ روپے وصولی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کا سب سے بڑا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ حیدر آباد سکھر منصوبہ دو ماہ بعدہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جس طرح شاہراہوں کے لئے بجٹ مختص ہوتا تھا ہم چاہتے ہیں کہ آخری سال کا ہدف 100 ارب حاصل ہو تا کہ ان سے این ایچ اے خود ہی سڑکیں بنائے حکومت سے کچھ نہ لے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی شاہراہوں کو صاف رکھے حکومت باقی تمام تر سہولیات فراہم کررہی ہے، اپنی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت ہم نے کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100ارب کا جوان پروگرام کے ساتھ ساتھ وزیراعظم ہنر مند پروگرام بھی شروع ہو چکا ہے جس کا مقصد ہے کہ اپنی نئی نسل کو ہنر اور کاروبار کے لئے وسائل فراہم کر کے انھیں اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں اور یہاں سے بھی نوکریوں کے مواقع پیدا ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وطن میں پاکستان میں سڑکوں پر سونے والوں کے بارے میں کوئی سوچتا نہیں تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے جہاں غریب اور پسے ہوئے طبقات کے لئے احساس پروگرام شروع کیا وہیں پناہ گاہیں اور لنگر خانے بھی کھولے ہیں، صرف اسلام آباد میں ساڑھے پانچ لاکھ افراد پناہ گاہوں سے مستفید ہو چکے ہیں، اس وقت ملک بھر میں 200 پناہ گاہیں قائم ہوچکیں ہیں جہاں پر قیام اور کھانا پینا بھی دستیاب ہے، اب وزیراعظم نے کے پی کے اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کو ہدایات دیں ہیں کہ وہ پولیس کو گشت کے دوران پابند بنائے کہ اگر کوئی سڑک پر سویا ہوا ملے اسے پناہ گاہ تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف صحت کارڈ پروگرام کے تحت اب تک 5.7 ملین خاندانوں کو انصاف صحت کارڈ فراہم کر دیا گیا، سندھ میں انصاف کارڈ کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالی جارہیں ہیں، سندھ حکومت نے لاڑکانہ کے عوام کو کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، ہماری اپیل ہے کہ انصاف صحت کارڈ تک رسائی کے لئے وفاقی حکومت کا ساتھ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 ایک مشکل ساتھ تھا لیکن 2020 عوام کی ترقی،خوشحالی، روزگار فراہمی کا سال ہوگا، اس سال میں حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے ثمرات ملنے شروع ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ اور این ایچ اے کے اندر جو صلاحتیں ہیں وہ کئی اور نہیں ہے، ہم اداروں کو ترقی کی راہ پر گامز ن کر رہے ہیں، تمام بڑے ادارے جو ماضی میں خسارے میں تھے انھیں اب منافع کی جانب گامزن کر دیا ہے، ملک کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے۔








