وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے جمعے کو ملاقات کی جس دوران ٹرانسپورٹ اور ریلوے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، عوام کو محفوظ، جدید اور تیز سفری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں میں ادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا
وفاقی وزیر مواصلات کی وزیر ریلوے سے ملاقات،ادارہ جاتی تعاون کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے جمعے کو ملاقات کی جس دوران ٹرانسپورٹ اور ریلوے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، عوام کو محفوظ، جدید اور تیز سفری سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں میں ادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ملکی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی سہولتوں کے فروغ کے لیے مواصلات اور ریلوے کا مؤثر اور جدید نظام ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سفری سہولیات میں اضافے اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا ۔ وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وزارتِ ریلوے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کو خود کفیل اور منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے محمد حنیف عباسی کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے نظام میں بہتری سے نہ صرف عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ ملکی معیشت اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی نمایاں فائدہ پہنچے گا۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس ضمن میں مختلف اداروں کے درمیان مؤثر تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دونوں وفاقی وزرا نے قومی اداروں کی مضبوطی، عوامی خدمت کے عزم کو مزید مؤثر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔








