وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کی این ایچ اےکو سیلاب سے متاثرہ قومی شاہراہوں کی بحالی اور ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے کی سروس روڈز اور سروس ایریاز کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسعد محمود نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)کو سیلاب سے متاثرہ قومی شاہراہوں کی بحالی اور ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے کی سروس روڈز اور سروس ایریاز کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثر ہونے والی قومی شاہراہوں کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور ملک کی تمام قومی شاہراہوں پر مسافروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔

وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے یہ ہدایات مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث متاثر ہونے والے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے انفراسٹرکچر کی تعمیر و مرمت کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے جائزے اور آئندہ کا لائحہ عمل کے لئے پیر کو بلائے گئے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و چئیرمین این ایچ اے کیپٹن ر خرم آغا، ممبر ایڈمن، سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔

اس موقع پر چئیرمین این ایچ اے کیپٹن(ر) محمد خرم آغا نے سیلاب کے باعث تباہ شدہ سڑکوں کی صورتحال سے مولانا اسعد محمود کو آگاہ کیا ۔کیپٹن (ر)محمد خرم آغا نے ہکلہ۔ ڈی آئی خان موٹروے پر بھی وفاقی وزیر اسعد محمود کو بریفنگ دی جس پر وفاقی وزیر مواصلات نے ڈی آئی خان ہکلہ موٹروے کی سروس روڈ اور سروسز ایریاز کو جلد مکمل کر کے فعال کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے باعث متاثر ہونے والی قومی شاہراہوں کی بحالی کے لئے تیزی سے کام کیا جائے نیز ملک کی تمام قومی شاہراہوں پر مسافروں کیلئے سفری سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ اور ملک میں عالمی معیار کے مطابق موٹر ویز اور ہائی ویز کو فعال کرنے کے لئے تمام موجودہ وسائل کو بروئے کار لایا جائے ۔

وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود سے آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس خالد محمود نے بھی ملاقات کی جس میں سیکرٹری مواصلات کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، مولانا لطف الرحمان، مفتی ابرار احمد، مئیر پشاور زبیر علی بھی موجود تھے۔ آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود نے وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کو موٹروے پولیس کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔ وفاقی وزیر نے سیلاب کے دوران ٹریفک کی روانی پر موٹروے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی تمام قومی و صوبائی شاہراہوں پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔