اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بدھ کو "کوانٹم ویلی پاکستان" کے تاریخی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ممبرسائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ، وزارتِ آئی ٹی، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارتِ منصوبہ بندی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے …
وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت "کوانٹم ویلی پاکستان” منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بدھ کو "کوانٹم ویلی پاکستان” کے تاریخی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ممبرسائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ، وزارتِ آئی ٹی، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارتِ منصوبہ بندی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ "کوانٹم ویلی پاکستان” ملک کا سب سے بڑا ٹیکنونیشنل منصوبہ ہے، جو پاکستان کے لیے سلیکون ویلی کی طرز پر ایک جدید سائنسی اور ٹیکنالوجی حب کے قیام کا وژن پیش کرتا ہے۔ اس منصوبے میں ایگری ٹیک، بائیو ٹیک، ایڈوانسڈ مٹیریلز، اور معدنیات جیسے ابھرتے ہوئے شعبہ جات پر مشتمل جدید سائنس پارکس قائم کیے جائیں گے۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ یہ منصوبہ سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ فار ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پہلی بڑی عملی کاوش ہے، جس کا مقصد پاکستان کو ایک علم پر مبنی، ٹیکنو-اکنامک طاقت بنانا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم اپنے ماحولیاتی نظام کے تمام عناصر کو مربوط کر رہے ہیں، جس میں سویلین اور عسکری شعبہ جات کا اشتراک بھی شامل ہے ۔پروفیسر احسن اقبال نے وژن 2010کی بنیاد، 10,000 پی ایچ ڈی اسکالرشپس، اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس، روبوٹکس، بگ ڈیٹا اور سائبر سیکیورٹی کے قومی مراکز کی تاسیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ان تمام کوششوں کو ایک مربوط نظام کے تحت مجتمع کیا جائے تاکہ پاکستان کو عالمی مسابقتی معیشتوں کی صف میں شامل کیا جا سکے۔
اجلاس میں ڈاکٹر نجیب اللہ نے منصوبے کا اسٹریٹجک ڈیزائن فریم ورک پیش کیا، جو کہ یونیورسٹی آف کیمبرج کے معروف سینٹ جونز انوویشن سینٹر کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ سینٹر عالمی سطح پر انٹرپرینیورشپ اور ٹیکنالوجیکل انوویشن کے میدان میں ایک ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وژن پر کام کا آغاز وزیر منصوبہ بندی کے حالیہ دورۂ کیمبرج کے دوران ہوا، جہاں یو کے-
پاکستان اشتراک کے ذریعے تحقیق، اختراع اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ کوانٹم ویلی پاکستان کی تکمیل کے لیے وزارت منصوبہ بندی، وزارت آئی ٹی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، وزارت دفاع اور نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ (Ignite) مل کر مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے۔یہ منصوبہ پاکستان کو عالمی سطح پر جدید ٹیکنالوجی اور اختراع کے میدان میں ایک نمایاں مقام دلانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔








