ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کا پروونشل مانیٹرنگ سیل کا دورہ، مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کے نظام کا جائزہ

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا ڈاکٹر خطیر احمد نے پروونشل مانیٹرنگ سیل کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے بھر میں ریسکیو آپریشنز کی نگرانی، ضلعی دفاتر کے ساتھ رابطہ کاری، ہنگامی صورتحال سے متعلق معلومات کے حصول اور رپورٹنگ کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پشاور۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا ڈاکٹر خطیر احمد نے پروونشل مانیٹرنگ سیل کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے بھر میں ریسکیو آپریشنز کی نگرانی، ضلعی دفاتر کے ساتھ رابطہ کاری، ہنگامی صورتحال سے متعلق معلومات کے حصول اور رپورٹنگ کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر آپریشن (سنٹر) اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور افتخار خان بھی ہمراہ تھے۔ پروونشل مانیٹرنگ سیل ریسکیو 1122 کے صوبائی ہیڈکوارٹر اور تمام ضلعی دفاتر کے درمیان رابطے کا مرکزی ذریعہ ہے، یہاں سے مختلف اضلاع میں جاری ہنگامی سرگرمیوں کی معلومات حاصل کی جاتی ہیں، ریسکیو آپریشنز کی پیش رفت مانیٹر کی جاتی ہے اور متعلقہ تفصیلات کو مرتب کرکے رپورٹنگ کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر خطیر احمد کو بتایا گیا کہ پروونشل مانیٹرنگ سیل کے ذریعے مختلف مقامات پر نصب اور منسلک کیمروں کی بھی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے، جس سے ہنگامی صورتحال کا بروقت جائزہ لینے، حالات سے باخبر رہنے اور متعلقہ ضلعی ٹیموں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں ریسکیو سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی، بروقت معلومات کے تبادلے اور ضلعی دفاتر کے ساتھ مضبوط رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پروونشل مانیٹرنگ سیل ریسکیو سروس کے آپریشنل نظام میں اہم کردار ادا کرتا ہے، لہٰذا معلومات کی درستگی، بروقت رپورٹنگ اور مسلسل نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔