وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری سے سویڈن کی انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی سفیر انیکا بن ڈیوڈ کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے سویڈن کی انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی سفیر انیکا بن ڈیوڈ نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں سویڈن کے سفیر انگرڈ جانسن بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے انسانی حقوق سے متعلق مسائل کے حل کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ یورپی …

اسلام آباد ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے سویڈن کی انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی سفیر انیکا بن ڈیوڈ نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں سویڈن کے سفیر انگرڈ جانسن بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے انسانی حقوق سے متعلق مسائل کے حل کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ یورپی یونین کے بعض ممالک میں مسلمان برادری کے حقوق کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے ہر شہری کے حقوق کے بلا امتیاز تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خواتین اور اقلیتوں سمیت انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے معزز مہمانوں کو موجودہ حکومت کی خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق آگاہی مہم سمیت انسانی حقوق سے متعلق موجودہ قوانین پر عملدرآمد اور نئی قانون سازی کے لئے عزم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خواتین کے وارثتی حقوق سے متعلق آگاہی مہم شروع کی ہے اور مفت قانونی امداد فراہم کرنے کے لئے مہم جلد شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں۔