اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایف ٹی او کے دفتر میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے تاکہ ان کی ٹیکس سے متعلق شکایات کو اولین ترجیح پر حل کیا جا سکے۔ اتوار کو ”ٹیکس سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایف ٹی او آفس کی آگاہی“ …
وفاقی ٹیکس محتسب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ٹیکس مسائل کے حل کے لیے پہلا خصوصی سیل قائم کر دیا، مہر کاشف یونس

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایف ٹی او کے دفتر میں ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے تاکہ ان کی ٹیکس سے متعلق شکایات کو اولین ترجیح پر حل کیا جا سکے۔
اتوار کو ”ٹیکس سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایف ٹی او آفس کی آگاہی“ کی آگاہی نشت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ان کے اثاثوں پر ٹیکس کی دوہری کٹوتی کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں اور انہیں ایف بی آر پورٹل پر ریفنڈ کی درخواستیں اپ لوڈ کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ایسے بیرون ملک مقیم پاکستانی الماس علی جاوندہ ایڈوائزر (لیگل) کی سربراہی میں قائم سیل کے ذریعے اپنے جائز مسائل فوری حل کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او نے سال کے پہلے دس ماہ میں 5 ہزار سے زائد ٹیکس شکایات کو نمٹا دیا جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ باقی حل ہونے کے عمل میں زیر التواہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او دنیا میں واحد ادارہ ہے جہاں پورٹل، موبائل ایپ، واٹس ایپ، ای میل، ، فیکس، ذاتی طور پر یا تحریری طور پر شکایت کی صورت میں اسی دن مفت کارروائی کی جاتی ہے اور زیادہ سے زیادہ 40 دن کے اندر شکایت نمٹا دی جاتی ہے جبکہ ان میں سے کچھ متعلقہ محکمے کو ایک فون کال کے ذریعے ہی حل کر لی جاتی ہیں۔
مہر کاشف یونس نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے کم تنخواہ والے عملے کو ایف ٹی او نے ٹیکس کٹوتی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ پی ٹی وی کے کم تنخواہ والے ملازمین نے ہر ماہ 36 ہزارسے 45 ہزار روپے تک کی تنخواہوں میں سے 20 فیصد ٹیکس کٹوتی کی شکایت کی تھی ۔ ایف ٹی او نے اس کٹوتی کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے ایسی تمام ٹیکس کٹوتیوں کو واپس کروا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او تاجر برادری اور ٹیکس دہندگان کو بہت اہمیت دیتے ہیں کیونکہ وہ معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مختلف چیمبرز سے اچھی شہرت کے حامل اور دیانتدار سینئر تاجر رہنماﺅں کو روابط کے فروغ اور ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اعزازی مشیر اور رابطہ کار مقرر کیا گیا ہے۔








