وفاق اب بھی 18ویں آئینی ترمیم کے ساتھ کھڑا ہے، این ایف سی کیلئے نامزدگیاں فائنل ہو چکی ہیں، وزیراعظم وطن واپس آ کر پارلیمان کو اعتماد میں لیں گے، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاق اب بھی 18ویں آئینی ترمیم کے ساتھ کھڑا ہے، الحمدﷲ 24 کروڑ پاکستانی حرمین شریفین کے محافظین بن چکے ہیں، این ایف سی کیلئے نامزدگیاں فائنل ہو چکی ہیں، مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے فیصلے ہوں گے، وزیراعظم وطن واپس آ کر پارلیمان کو اعتماد میں لیں گے۔ منگل کو ایوان بالا …

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاق اب بھی 18ویں آئینی ترمیم کے ساتھ کھڑا ہے، الحمدﷲ 24 کروڑ پاکستانی حرمین شریفین کے محافظین بن چکے ہیں، این ایف سی کیلئے نامزدگیاں فائنل ہو چکی ہیں، مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے فیصلے ہوں گے، وزیراعظم وطن واپس آ کر پارلیمان کو اعتماد میں لیں گے۔

منگل کو ایوان بالا میں سینیٹر ایمل ولی خان کے سوال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایمل ولی کا تعلق اسی جماعت سے ہے جو ملکی سیاست بالخصوص آمریت کے خلاف کھڑی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آج بھی 18ویں آئینی ترمیم کے ساتھ کھڑی ہے، مائنز اینڈ منرلز صوبائی معاملہ ہے اس پر ایمل ولی کی بات سے متفق ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کے حوالہ سے عدالت میں کیس کی وجہ سے ریاست کو جرمانہ ادا کرنا پڑا ہے، بلوچستان میں ریکوڈک معاہدہ شفافیت کے ساتھ مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ ہو گیا لیکن حکومتیں بدلتی رہیں اور چیزیں تاخیر کا شکار ہوتی رہیں لیکن اب اس پر کام تیزی سے جاری ہے، آرٹیکل 160 کے تحت صوبوں سے آنے والی نامزدگیوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اب صوبے بیٹھیں گے اور نمائندگان مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہماری قیادت کو بھی مشکلات کا سامنا رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاک۔سعودیہ معاہدے بارے بات ہوئی، سعودی عرب کا امت مسلمہ میں کلیدی کردار ہے، الحمدﷲ 24 کروڑ عوام کے نام محافظین حرمین شریفین میں لکھے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ قوتیں پاکستان کو تنہا کرنا چاہتی تھیں آج ہماری کامیابی ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ ہر مسلمان فلسطین کے مظالم پر افسردہ ہے، اب معاملہ حل کی طرف جاتا نظر آ رہا ہے، فلسطین کی ریاست نے خود اس پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے، باقیوں کو ماتم کرنے کی ضرورت نہیں، مسلمان ممالک نے اکٹھے ہو کر نیتن یاہو پر لعنت بھیجی ہے، وہ بھی دنیا کو یاد رہے گی۔

وزیر قانون نے کہا کہ عالمی سطح پر ہونے والی کامیابیوں پر بات کرنے کیلئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہیں، علاقائی سیاست ہو یا بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا جواب ہو پوری دنیا اس کی معترف ہے۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس آنے کے بعد ملکی اور عالمی سطح پر کامیابیوں سے متعلق پارلیمان اور قوم کو اعتماد میں لیں گے۔