وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی تعاون خوش آئند پیشرفت ، پنجاب حکومت نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، مرکزی صدرآل پاکستان انجمن تاجران

آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وفاقی حکومت کو چاروں صوبوں کی جانب سے 1,035 ارب روپے کی گرانٹ کی فراہمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ قومی مالیاتی و معاشی چیلنجز، سکیورٹی صورتحال، قومی اہمیت کے ترقیاتی منصوبوں اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی جیسے معاملات میں وفاق کو مالی طور پر مستحکم بنانا ناگزیر ہے

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وفاقی حکومت کو چاروں صوبوں کی جانب سے 1,035 ارب روپے کی گرانٹ کی فراہمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ قومی مالیاتی و معاشی چیلنجز، سکیورٹی صورتحال، قومی اہمیت کے ترقیاتی منصوبوں اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی جیسے معاملات میں وفاق کو مالی طور پر مستحکم بنانا ناگزیر ہے۔ اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی تعاون قومی یکجہتی اور معاشی استحکام کے لیے خوش آئند پیشرفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔ خدمات، پراپرٹی اور موٹر وہیکل ٹیکس جیسے ذرائع سے ریونیو بڑھانے کی کوشش قابل تحسین ہے۔ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور انتظامی بہتری لانا ضروری ہے تاکہ موجودہ کاروباری طبقے پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کے لیے طویل المدتی مالی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ صوبائی آمدنی بڑھا کر خود کفالت حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ٹیکس نظام میں ڈیجیٹلائزیشن، شفافیت اور بہتر گورننس سے نظام پر اعتماد بڑھے گا اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔