وینس اور سرینا ولیمز چار سالوں میں پہلی بار کسی گرینڈ سلام میں جوڑی کے طور پر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ایک ساتھ ڈبلز مقابلہ کھیلیں گی۔
ولیمز سسٹرز کو یو ایس اوپن ڈبلز کا وائلڈ کارڈ مل گیا
نیویارک۔27اگست (اے پی پی):وینس اور سرینا ولیمز چار سالوں میں پہلی بار کسی گرینڈ سلام میں جوڑی کے طور پر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ایک ساتھ ڈبلز مقابلہ کھیلیں گی۔
بی بی سی کے مطابق نیویارک میں ویمنز ڈبلز ٹائٹل کی دو بار کی فاتح ان امریکی کھلاڑیوں کو یونائیٹڈ سٹیٹس ٹینس ایسوسی ایشن کی جانب سے وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔ ولیمز سسٹرز نے آخری بار 2022 کے یو ایس اوپن میں کسی گرینڈ سلام میں جوڑی بنائی تھی جو کہ سرینا کا ٹینس سے باقاعدہ دور ہونے سے پہلے آخری ٹورنامنٹ تھا۔ سرینا نے جون میں کوئینز کلب ٹینس ایونٹ میں ویمنز ڈبلز مقابلوں کے ذریعے کھیل میں واپسی کی تھی جس کے بعد انہیں ومبلڈن ویمنز سنگلز کا فائنل وائلڈ کارڈ دیا گیا تھا۔ 44 سالہ کھلاڑی کو آسٹریلیا کی مایا جوائنٹ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں گھٹنے کی چوٹ بھی آئی جس کی وجہ سے وہ ویمنز ڈبلز سے باہر ہو گئیں جہاں انہیں وینس کے ساتھ کھیلنا تھا۔ 46 سالہ وینس ولیمزنے حالیہ برسوں میں ڈبلیو ٹی اے ٹور پر سنگلز اور ڈبلز میچز کم کم ہی کھیلے ہیں۔ اس جوڑی نے اگست کے سنسناٹی اوپن میں دوبارہ ایک ساتھ شرکت کی تھی جہاں انہیں مارٹا کوسٹیوک اور پیٹن سٹرنز سے شکست ہوئی۔
سرینا ولیمزنے نیویارک میں ہسپانوی کارلوس الکاراز کے ساتھ یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز مقابلے میں بھی حصہ لیا جہاں انہوں نے اپنا ابتدائی میچ جیتا لیکن کوارٹر فائنل میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وینس کو سنگلز کے لیے بھی وائلڈ کارڈ دیا گیا ہے جس کا آغاز 30 اگست بروز اتوارسے ہو رہا ہے۔ سرینا اور وینس نے ایک ساتھ 14 بڑی ڈبلز ٹرافیاں جیتی ہیں جن میں ان کی آخری فتح 2016 میں ومبلڈن میں آئی تھی۔ اس کے بعد یہ کسی گرینڈ سلام میں ان کی ایک ساتھ صرف تیسری شرکت ہوگی جبکہ اس سے قبل انہوں نے 2018 میں فرنچ اوپن اور چار سال قبل یو ایس اوپن میں جوڑی بنائی تھی۔ انہوں نے 1999 میں نیویارک میں ایک ساتھ اپنا دوسرا گرینڈ سلام ڈبلز ٹائٹل جیتا تھا اور 10 سال بعد اس کارنامے کو دہرایا تھا۔ یہ جوڑی جو ایک ساتھ کبھی کسی بڑے ڈبلز فائنل میں نہیں ہاری اپنا ٹورنامنٹ جمعرات 3 ستمبر یا جمعہ 4 ستمبر کو شروع کرے گی۔ وینس اور کینیڈا کی لیلیٰ فرنینڈز گزشتہ سال فلشنگ میڈوز میں ویمنز ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں پہنچی تھیں جہاں انہیں ٹاپ سیڈز کیٹرینا سینیاکووا اور ٹیلر ٹاؤن سینڈ سے شکست ہوئی تھی۔








