اقوام متحدہ کے امن مشنز کوبدلتی عالمی صورتحال کے مطابق ڈھلنا ہوگا، انتونیو گوتریش

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ عالمی سلامتی کے منظرنامے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر اقوام متحدہ کے امن مشنز کو نئی صورتحال کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔

اقوام متحدہ ۔27اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ عالمی سلامتی کے منظرنامے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر اقوام متحدہ کے امن مشنز کو نئی صورتحال کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا۔

شنہوا کے مطابق جنرل اسمبلی کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں، طاقت کا توازن زیادہ منتشر ہورہا ہے، نئے مراکزِ اثر و رسوخ ابھر رہے ہیں اور تنازعات کی نئی صورتیں سامنے آرہی ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ کہ بین الریاستی تنازعات میں اضافہ جبکہ داخلی تنازعات بھی زیادہ پیچیدہ، طویل اور بین الاقوامی نوعیت اختیار کررہے ہیں۔ اس صورتحال میں اقوام متحدہ کے امن مشنز کے بارے میں سوچ اور ان کے استعمال کے طریقہ کار میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے۔انہوں نے امن مشنز میں پیشگی سفارت کاری، قیامِ امن اور تنازعات کے پرامن حل پر زیادہ توجہ دینے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، خصوصی نمائندوں اور سیکرٹریٹ کے سفارتی کردار کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ امن کارروائیوں کو زیادہ مؤثر، کم لاگت اور لچکدار بنانے کے ساتھ جوابدہی، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی و علاقائی شراکت داری کو بھی مضبوط کرنا ہوگا۔