وکلاء کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ سہولتوں میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ وکلاء کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کا بروقت حل اور پیشہ ورانہ سہولتوں میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو مختلف بار ایسوسی ایشنز کے وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزارت …

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ وکلاء کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کا بروقت حل اور پیشہ ورانہ سہولتوں میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو مختلف بار ایسوسی ایشنز کے وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزارت قانون و انصاف کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں بٹگرام ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، حویلیاں تحصیل بار ایسوسی ایشن، اپر چترال ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور جنڈ تحصیل بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان شریک تھے۔ اس موقع پر وکلاء کو درپیش مسائل، فلاح و بہبود سے متعلق امور اور قانونی برادری کے لیے سہولتوں میں بہتری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ حکومت وکلاء برادری کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انصاف کی فراہمی کے نظام میں وکلاء کا اہم اور مؤثر کردار ہے۔ انہوں نے وکلاء کے لیے جاری اور مجوزہ ترقیاتی و فلاحی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

اس موقع پر مختلف بار ایسوسی ایشنز کے لیے گرانٹ ان ایڈ کے چیکس بھی جاری کیے گئے۔ بیرسٹر عقیل ملک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وکلاء کی سہولتوں میں مزید بہتری، ان کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے وزارتِ قانون و انصاف بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔