اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آئی ٹی اے) نے وہیکل ایمیشن مانیٹرنگ کے تحت گاڑیوں کی جانچ پڑتال کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اتھارٹی کی جانب سے 22 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 22روز کے دوران مجموعی طور پر 7 ہزار 468 گاڑیوں کی ایمیشن اسکریننگ مکمل …
وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ ، اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی 22 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آئی ٹی اے) نے وہیکل ایمیشن مانیٹرنگ کے تحت گاڑیوں کی جانچ پڑتال کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اتھارٹی کی جانب سے 22 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 22روز کے دوران مجموعی طور پر 7 ہزار 468 گاڑیوں کی ایمیشن اسکریننگ مکمل کی گئی جبکہ صرف ایک روز میں 311 گاڑیوں کو ایمیشن اسٹیکرز فراہم کیے گئے۔
ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 گاڑیوں کو تحویل میں بھی لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ ایمیشن ٹیسٹنگ کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے انسپکشن اسکواڈز شہر کے مختلف سیکٹرز اور اہم شاہراہوں پر مسلسل فعال ہیں تاکہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی عرفان میمن نے کہا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر ایمیشن ٹیسٹنگ مراکز کی تعداد میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑی مالکان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے مزید کہا کہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خاتمے کے لیے شہر بھر میں ٹارگٹڈ آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔








