ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل (9 جولائی) سے شروع ہو گا

ویسٹ انڈیز سیریز کی تیاری، قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 9 جولائی سے راولپنڈی میں شروع ہوگا

راولپنڈی۔8جولائی (اے پی پی):ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل (9 جولائی) سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔

پی سی بی کے مطابق پانچ روزہ کیمپ کے دوران قومی ٹیم کے کھلاڑی کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ، فٹنس اور میچ صورتحال سے ہم آہنگ خصوصی تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گے تاکہ غیر ملکی دورے سے قبل ٹیم کی بھرپور تیاری کو یقینی بنایا جا سکے۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں کو دور کرنے، مہارتوں کو مزید نکھارنے اور مختلف میچ صورتحال کے مطابق عملی مشقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ تربیتی کیمپ کے اختتام پر پاکستان کا 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ ویسٹ انڈیز روانہ ہو گا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 25 جولائی سے 10 اگست تک کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ ٹراؤبا جبکہ دوسرا ٹیسٹ پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں