ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر سپر سکس مرحلہ، سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا، ناہیدہ اور جویریہ کی نصف سنچریاں رائیگاں

کولمبو ۔ 15 فروری (اے پی پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر سپر سکس مرحلے میں سری لنکا نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، فاتح ٹیم نے 213 رنز کا ہدف 47.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر پورا کیا، اسہانی نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، ناہیدہ خان اور جویریہ خان کی نصف سنچریاں رائیگاں گئیں۔ سری لنکا میں جاری ایونٹ میں بدھ کو کھیلے گئے سپر سکس مرحلے کے ایک میچ میں پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 212 رنز بنائے، ناہیدہ خان 64 اور جویریہ خان 63 رنز بنا کر نمایاں رہیں، عائشہ ظفر ایک، بسمعہ معروف 20، نین عابدی 17، رابیعہ شاہ 9 اور عالیہ ریاض 7 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئیں، کپتان ثناءمیر 17 اور ایمن ایک رن بنا کر ناٹ آﺅٹ رہیں، اینوکا اور چماری نے دو، دو وکٹیں لیں، جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، اسہانی 65 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، غلام فاطمہ اور ناشرہ نے دو، دو جبکہ ثناءمیر نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔