ویمنز ٹینس کیلنڈرمیں بڑی تبدیلیوں کی تیاری، جیسیکا پیگولا کونسل کی سربراہی کریں گی

نیویارک ۔18فروری (اے پی پی):ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن ( ڈبلیو ٹی اے )ٹور کی چیئرپرسن ویلری کیمیلو نے کھلاڑیوں اور حکام کو لکھے گئے ایک خط میں انکشاف کیا ہے کہ خواتین ٹینس کے سالانہ کیلنڈر، رینکنگ پوائنٹس کے قوانین اور ٹورنامنٹس میں شرکت کی لازمی شرائط میں بنیادی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ای ایس پی این کے مطابق اس اہم مشن کے لیے ٹور آرکیٹیکچر کونسل تشکیل دی گئی …

نیویارک ۔18فروری (اے پی پی):ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن ( ڈبلیو ٹی اے )ٹور کی چیئرپرسن ویلری کیمیلو نے کھلاڑیوں اور حکام کو لکھے گئے ایک خط میں انکشاف کیا ہے کہ خواتین ٹینس کے سالانہ کیلنڈر، رینکنگ پوائنٹس کے قوانین اور ٹورنامنٹس میں شرکت کی لازمی شرائط میں بنیادی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ای ایس پی این کے مطابق اس اہم مشن کے لیے ٹور آرکیٹیکچر کونسل تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی عالمی نمبر پانچ امریکی ٹینس کھلاڑی جیسیکا پیگولا کریں گی۔ اس کونسل کا مقصد کھلاڑیوں پر بڑھتے ہوئے جسمانی اور ذہنی دباؤ کو کم کرنا اور کھیل کے سیزن کو زیادہ پائیدار بنانا ہے۔

گزشتہ کئی برسوں سے دنیا کی صف اول کی کھلاڑی بشمول عالمی نمبر ایک آریانا سبالینکا اور نمبر ٹو آئیگا سویٹیک، ٹینس سیزن کے طویل ہونے اور آرام کے لیے کم وقت ملنے کی شکایات کرتی رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں دبئی ٹینس ایونٹ سے کئی بڑے ناموں کی دستبرداری نے اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ڈبلیو ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ شیڈول کھلاڑیوں کی صحت اور پیشہ ورانہ زندگی کے لیے موزوں نہیں رہا، جس کے باعث کھلاڑی انجری اور تھکن کا شکار ہو رہے ہیں۔

جیسیکا پیگولا کی سربراہی میں بننے والی اس کونسل میں بیلاروس کی ٹینس کھلاڑی وکٹوریہ آزارینکا اور یونان کی ٹینس سٹار ماریہ ساکاری جیسی تجربہ کار کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ کونسل اپنی سفارشات ڈبلیو ٹی اے بورڈ کو پیش کرے گی اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ سال تک ٹینس کا ایک نیا اور بہتر ڈھانچہ منظور کر لیا جائے گا۔ ویلری کیمیلو کے مطابق پہلے مرحلے میں ان شعبوں پر کام کیا جائے گا جو براہ راست ڈبلیو ٹی اے کے اختیار میں ہیں جبکہ طویل مدتی منصوبوں کے لیے اے ٹی پی اور چاروں گرینڈ سلام ٹورنامنٹس کے حکام سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔