ویمن یونیورسٹی ملتان میں اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے فکری و علمی پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور شعبہ پولیٹیکل سائنس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے اشتراک سے کیا گیا
ویمن یونیورسٹی ملتان میں اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے پینل ڈسکشن، رواداری اورمساوی شہریت کے فروغ پرزور

مزید خبریں
ملتان۔ 11 اگست (اے پی پی):ویمن یونیورسٹی ملتان میں اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے فکری و علمی پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز اور شعبہ پولیٹیکل سائنس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے اشتراک سے کیا گیا، جس کا مقصد رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی، مساوات، اقلیتی حقوق اور مشترکہ شہریت کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی ملتان پرو فیسرڈاکٹرسیدہ شاہدہ بتول تھیں۔اس موقع پرڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر عادلہ سعید، فوکل پرسن برائے بین المذاہب ہم آہنگی و اقلیتی امور ڈاکٹر اسماء اکبر،انچارج شعبہ اردو پروفیسر ڈاکٹر عذرا لیاقت اور چیئر پرسن شعبہ اسلامیات و عربی پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔پینل ڈسکشن میں پولیس ہیڈکوارٹرز سے ڈی ایس پی جعفر بخاری، ہندو کمیونٹی اورسماج سیوا آرگنا ئزیشن کی نمائندہ شکنتلا دیوی، مسیحی برادری سے مذہبی اسکالر فادر افتخار مون اور مسلم کمیونٹی کی نمائندگی معروف مذہبی سکالر پروفیسر عبدالمجید وٹو نے کی۔
ڈی ایس پی جعفر بخاری نے کہا کہ اقلیتی شہریوں کے جان و مال، عزت و وقار، بنیادی حقوق اور مساوی تحفظ کو یقینی بنانا ریاستی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔ شکنتلا دیوی نے سماجی شمولیت، مساوی مواقع اور موثر نمائندگی کی اہمیت اجاگر کی۔فادر افتخار مون نے امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کو معاشرتی امن کے لیے ناگزیر قرار دیا، جبکہ پروفیسر عبدالمجید وٹو نے کہا کہ ترقی پسند معاشرہ تمام طبقات کے وقار کا احترام اور مشترکہ بھلائی کے لیے تعاون سے تشکیل پاتا ہے۔تقریب میں ’’کمٹمنٹ ٹری‘‘ سرگرمی بھی منعقد کی گئی، جس کے ذریعے شرکاء نے رواداری اور باہمی احترام کے عملی عزم کا اظہار کیا۔ کیک کٹنگ کی تقریب بھی ہوئی۔اختتامی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو طلبہ میں برداشت، مساوات، شمولیت، باہمی احترام اور سماجی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی بنیاد مساوی شہریت، سماجی شمولیت اور اجتماعی ذمہ داری پر قائم ہے۔








