وینزویلا، زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار کے قریب، لاپتہ افراد کی تلاش جاری

بدھ کی رات آنے والے دو لگاتار زلزلوں کے بعد جمعے کو رشتہ داروں کی تلاش کے لیے وینزویلا کے شہری خود میدان میں اتر آئے۔ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق شہریوں کا کہنا تھا کہ سرکاری امدادی ٹیمیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

کراکس ۔27جون (اے پی پی):بدھ کی رات آنے والے دو لگاتار زلزلوں کے بعد جمعے کو رشتہ داروں کی تلاش کے لیے وینزویلا کے شہری خود میدان میں اتر آئے۔ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق شہریوں کا کہنا تھا کہ سرکاری امدادی ٹیمیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس تباہی میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر کم از کم 920 ہو گئی ہے جبکہ 51 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ بدھ کو آنے والے ان زلزلوں کی شدت ریکٹر سکیل پر 7.2 اور 7.5 تھی۔

امداد کی کمی نے متاثرہ خاندانوں کی بے بسی میں اضافہ کیا ہے جبکہ ہر گزرتے گھنٹے کے ساتھ ملبے تلے دبے افراد کو زندہ نکالنے کی امید کم ہوتی جا رہی ہے۔ اس سانحے کو جمعے تک قریباً دو دن ہو چکے تھے۔امدادی اداروں کے مطابق ابتدائی 48 سے 72 گھنٹے زندہ افراد کو نکالنے کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں اور خوراک اور پانی کی دستیابی کی صورت میں یہ مدت بڑھ بھی سکتی ہے۔دوسری جانب عالمی سطح پر امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور دنیا بھر سے درجنوں ریسکیو ٹیمیں وینزویلا پہنچ رہی ہیں یا جلد پہنچنے والی ہیں۔

بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کے مطابق تقریباً 67 لاکھ افراد متاثر ہو سکتے ہیں، جن میں سے 20 لاکھ صرف دارالحکومت کراکس میں ہیں۔ ماہرین کے مطابق یکے بعد دیگرے آنے والے ان زلزلوں نے تباہی کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ ریڈ کراس کے ایک عہدیدار کے مطابق لوگ ابھی تک اپنے گھروں میں واپس جانے سے خوفزدہ ہیں۔

حکام کے مطابق میکسیکو، امریکہ، ایل سلواڈور، سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا سمیت مختلف ممالک سے 861 امدادی کارکن وینزویلا میں کام کر رہے ہیں جبکہ مزید ٹیمیں آنے والی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق 25 ٹیموں پر مشتمل ایک ہزار ریسکیو اہلکار روانہ ہو چکے ہیں۔