ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ، لاہور ڈویژن نے 58 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر کے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی

پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں لاہور ڈویژن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے58 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر کے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی

لاہور۔28ستمبر (اے پی پی):پاک چائینہ فرینڈ شپ گیمز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں لاہور ڈویژن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے58 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر کے چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔گوجرانوالہ ڈویژن56 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ فیصل آباد ڈویژن52 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔لاہور ڈویژن کی کامیابی میں نوجوان ویٹ لفٹرز نے اہم کردار ادا کیا۔لاہور ڈویژن کی جانب سے سمیر خان،حمزہ رفیق،عبداللہ ایاز اور دیگر کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھائی۔چیمپئن شپ میں لاہور ڈویژن کے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر چار گولڈ اور چار سلور میڈلز حاصل کیے۔گولڈ میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں سمیر خان،حمزہ رفیق اور عبداللہ ایاز شامل ہیں جبکہ محمد حمزہ،قاسم مشتاق،محمد عیسی آدم اور احمد ندیم نے سلور میڈلز اپنے نام کیے۔کھلاڑیوں نے مختلف ویٹ کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور ڈویژن کو مجموعی پوائنٹس میں برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔چیمپئن شپ کے اختتام پر فاتح لاہور ڈویژن ٹیم نے وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر،ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ محمد طارق قریشی اور سیکرٹری پنجاب ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن عقیل جاوید بٹ کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔اس موقع پر کامیاب کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد دی گئی اور ان کی محنت و شاندار کارکردگی کو سراہا گیا۔لاہور ڈویژن کی جانب سے چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر58 پوائنٹس حاصل کر کے ٹائٹل جیتنا ڈویژن میں ویٹ لفٹنگ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی بہترین تیاری کا عکاس ہے۔قومی سطح پر ویٹ لفٹنگ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ایسے مقابلوں کو اہم قرار دیا جا رہا ہے،جبکہ کامیاب کھلاڑیوں نے مستقبل میں مزید بڑے مقابلوں میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا۔