اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے نوجوان قومی جذبے سے سرشار ہو کر ملک میں مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، حکومت ٹائیگر فورس کی مدد سے اشیائے ضروریہ خصوصاً آٹے اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے میں ملوث مافیاز کے خلاف سخت ایکشن لے گی، نوجوان ملک کا …
ٹائیگر فورس مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، عثمان ڈار
اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کے نوجوان قومی جذبے سے سرشار ہو کر ملک میں مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، حکومت ٹائیگر فورس کی مدد سے اشیائے ضروریہ خصوصاً آٹے اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے میں ملوث مافیاز کے خلاف سخت ایکشن لے گی، نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور ان کی بھرپور نمائندگی کے بغیر ترقی کی طرف رواں سفر مکمل نہیں ہو سکتا۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس صرف منافع خوروں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرے گی جبکہ پرائس کنٹرول منتظمین ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر ریلیف فورس کے نوجوان قومی ہیروز ہیں اور یہ غیرسیاسی آگنائزیشن ہے جو قوم کی خدمت کر رہی ہے، فورس کے نوجوان پوری لگن اور جوش و جذبے کے ساتھ ملک کی خدمت کر رہے ہیں اور ہمیں ان کے مثبت کردار پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹائیگر فورس کے نوجوان کسی بھی تنقید سے حوصلہ نہیں ہاریں گے اور پورے جذبے کے ساتھ دیئے گئے ٹاسک کو پورا کریں گے اور حکومت جلد ہی ان کی کاوشوں سے قیمتوں میں اضافے پر قابو پا لے گی۔ معاون خصوصی امور نوجواناں نے کہا کہ اپوزیشن رضاکاروں کو نشانہ بنا رہی ہے جو بلاکسی لالچ اور مالی فوائد کے مشکل وقت میں دیئے گئے مختلف ٹاسک کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں جو کہ افسوس ناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس نے کورونا وائرس پیک کے دوران احساس ایمرجنسی فنڈز کی تقسیم، مساجد، ہسپتالوں اور یوٹیلیٹی سٹورز پر ماسک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور طریقے سے اپنے فرائض سر انجام دیئے جس پر ہمیں اپنی فورس پر فخر ہے۔ عثمان ڈار نے اپوزیشن جماعتوں کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے ٹائیگر فورس کے کردار کو سراہا اور نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ اپنے اپنے علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو چیک کریں اور ٹائیگر فورس پورٹل پر پوسٹ کریں۔









