ٹاس نہیں کارکردگی اہم ہوتی ہے، کپتان سلمان علی آغا

کولمبو۔14فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے ہائی وولٹیج ٹاکرے سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ میچ کو کھیل کے مثبت جذبے کے تحت کھیلا جانا چاہیے اور نتیجہ بہتر کرکٹ کھیلنے والی ٹیم کے حق میں جائے گا۔کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےسلمان علی آغا نے واضح کیا کہ ٹاس میچ کا فیصلہ نہیں کرتا۔ انہوں نے …

کولمبو۔14فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان اور بھارت کے ہائی وولٹیج ٹاکرے سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ میچ کو کھیل کے مثبت جذبے کے تحت کھیلا جانا چاہیے اور نتیجہ بہتر کرکٹ کھیلنے والی ٹیم کے حق میں جائے گا۔کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےسلمان علی آغا نے واضح کیا کہ ٹاس میچ کا فیصلہ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو کامیابی آپ کا مقدر بنے گی، ٹاس نہیں بلکہ کارکردگی اہم ہوتی ہے۔

انہوں نے بھارت کے خلاف ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان کے ریکارڈ سے متعلق اعتراف کیا کہ ماضی کے نتائج زیادہ حوصلہ افزا نہیں رہے، تاہم ٹیم اس بار بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ہم تاریخ نہیں بدل سکتے لیکن اپنی کارکردگی بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپنر عثمان طارق کے بولنگ ایکشن سے متعلق سوال پر قومی کپتان نے دوٹوک موقف اختیار کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل انہیں دو مرتبہ کلیئر کرچکی ہے اور غیر ضروری بحث کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عثمان طارق ٹیم کے لیے اہم ہتھیار ہیں اور ان پر مکمل اعتماد ہے۔

مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی فارم کے حوالے سے سلمان علی آغا نے کہا کہ بابر اعظم ٹیم کے لیے باعثِ اطمینان ہیں، وہ مسلسل رنز بنا رہے ہیں اور بھارت کے خلاف بھی ان سے اچھی اننگز کی توقع ہے۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ بیٹنگ آرڈر میں غیر ضروری تبدیلی نہیں کی جائے گی۔بھارتی اوپنر ابھیشک شرما کی فٹنس سے متعلق سوال پر پاکستانی کپتان نے سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں ابھیشک مکمل فٹ ہوکر میچ کھیلیں کیونکہ بڑی ٹیمیں ہمیشہ بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا چاہتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ’نو ہینڈ شیک‘ تنازع پر انہوں نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں کل معلوم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے بالاتر ہوکر مثبت انداز میں آگے بڑھانا چاہیے۔دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو بھی آج بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کریں گے جس میں اہم نکات پر اظہار خیال متوقع ہے۔میچ سے قبل موسم بھی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں بارش کے باعث پچ کو ڈھانپ دیا گیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق میچ کے اوقات میں بارش کے امکانات موجود ہیں۔ تاہم سٹیڈیم کا ڈرینیج سسٹم بہترین قرار دیا جا رہا ہے، جس سے امید ہے کہ مقابلہ مکمل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ اہم میچ اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا جس پر دنیا بھر کے شائقینِ کرکٹ کی نظریں مرکوز ہیں۔