لاہور۔7جنوری (اے پی پی):لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف اور کپتان کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مستقبل کے کھلاڑیوں کی تیاری، ٹرائلز اور اپنی فٹنس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ آج بات کرنے کا بنیادی مقصد کوچز سے فیڈ بیک لینا تھا تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ پاکستان کے مستقبل کے کھلاڑیوں …
ٹرائلز کے دوران باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں جو پاکستان کرکٹ کیلئے خوش آئند ہے، شاہین شاہ آفریدی
لاہور۔7جنوری (اے پی پی):لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف اور کپتان کرکٹر شاہین شاہ آفریدی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مستقبل کے کھلاڑیوں کی تیاری، ٹرائلز اور اپنی فٹنس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ آج بات کرنے کا بنیادی مقصد کوچز سے فیڈ بیک لینا تھا تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ پاکستان کے مستقبل کے کھلاڑیوں کی تیاری کس سطح پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہی کھلاڑیوں میں سے مستقبل میں لاہور قلندرز کے لیے ٹیلنٹ منتخب کیا جائے گا اور یہ کھلاڑی آئندہ پی ایس ایل میں ٹیم کے ساتھ نیٹس میں پریکٹس بھی کریں گے۔شاہین آفریدی کے مطابق ٹرائلز کے دوران باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں جو پاکستان کرکٹ کے لیے خوش آئند ہے۔اپنی انجری سے متعلق بات کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے بتایا کہ اس وقت ان کی ری ہیب کا عمل جاری ہے اور وہ آئندہ ہفتے سے بولنگ کا آغاز کر دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس بار انجری پچھلی مرتبہ کی طرح زیادہ سنگین نہیں ہے اور ایم آر آئی رپورٹ میں بھی کسی بڑے مسئلے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔شاہین آفریدی نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم سمیت تمام کھلاڑی فٹ ہیں اور پرفارمنس میں اتار چڑھائو آ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم حالیہ عرصے میں اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے،امید ہے کہ ٹیم بدھ کے روز سری لنکا کے خلاف ہونے والا میچ بھی جیتے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا میں کھیلنے سے ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی جبکہ پاکستان انڈر19 ٹیم میں بھی اچھا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔سرحد پار سے آنے والے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ بارڈر کے دوسرے پار لوگوں میں سپورٹس مین سپرٹ کی کمی نظر آتی ہےتاہم ہمارا کام کرکٹ کھیلنا ہے اور کوشش ہوگی کہ میدان میں اپنی کارکردگی سے جواب دیا جائے۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف نے کہا کہ اس سال پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت ملک کے28 شہروں میں ٹرائلز کروائے گئے،جن میں تین لاکھ سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ ٹرائلز میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کے لیے کیمپس لگائے گئے جبکہ لاہور میں رہنے والے کھلاڑیوں کے لیے خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا گیا،جس کا شاہین آفریدی نے دورہ بھی کیا۔رانا عاطف کے مطابق ٹرائلز کے دوران لڑکیوں کا بھی شاندار ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے لیے سب سے بڑا کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی ہیں اور یہ فیصلہ بھی وہی کریں گے کہ لاہور کی ٹیم میں کون سے کھلاڑی موقع پائیں گے۔









