امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کو کاغذی شیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس دفاعی اتحاد سے علیحدگی پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے نیٹو کو کاغذی شیر قرار دے دیا، دفاعی اتحاد سے علیحدگی پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہوں، ٹیلی گراف سے گفتگو
واشنگٹن۔1اپریل (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کو کاغذی شیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس دفاعی اتحاد سے علیحدگی پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔الجزیرہ کے مطابق برطانوی اخبار ٹیلی گراف سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ سے یہ علم تھا کہ نیٹو ’’کاغذی شیر‘‘ ہے اور ویسے روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو بھی یہ علم ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ میں کبھی نیٹو سے متاثر نہیں ہوا،یہ میری حتمی رائے ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران جنگ میں نیٹو کو خود امریکا کی مدد کے لئے بغیر کہے آگے آنا چاہیے تھا بالکل اسی طرح جس طرح امریکا یوکرین کے معاملے پر بغیر کہے نیٹو کے ساتھ شامل ہو ا حالانکہ یوکرین امریکا کا مسئلہ نہیں تھا۔ یوکرین جنگ ہماری آزمائش تھی جس پر ہم پورا اترے اور بغیر کہے نیٹو کے ساتھ خود شامل ہو ئے، ہم تو ہمیشہ ان کی مدد کو پہنچے لیکن وقت پڑنے پر انہوں نے ہماری مدد نہیں کی۔









