ٹنڈوآدم پولیس نے دو ماہ قبل تاجر رہنما عبدالقدیر مغل کے بھائی کامران مغل کی گھی ایجنسی سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی چوری کے مقدمے میں دو ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 3 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ٹنڈوآدم میں ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی چوری کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 02 جون (اے پی پی):ٹنڈوآدم پولیس نے دو ماہ قبل تاجر رہنما عبدالقدیر مغل کے بھائی کامران مغل کی گھی ایجنسی سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی چوری کے مقدمے میں دو ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 3 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ڈی ایس پی امتیاز ڈومکی اور ایس ایچ او سٹی محمد حنیف مہر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ایک مقابلے کے بعد ملزم مزمل میرانی کو زخمی حالت میں جبکہ اس کے ساتھی فیصل نیازی کو گرفتار کیا۔ دورانِ تفتیش دونوں ملزمان نے گھی ایجنسی میں ہونے والی چوری کا اعتراف کیا، جس کے بعد ان کی نشاندہی پر ایک کروڑ 3 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم برآمد کر لی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف جرائم میں ملوث رہے ہیں اور ان کے خلاف ٹنڈوآدم تھانے میں چار مقدمات سمیت دیگر تھانوں میں بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزمان کا مکمل مجرمانہ ریکارڈ جمع کیا جا رہا ہے۔ پریس کانفرنس میں تاجر رہنما عبدالقدیر مغل، انجمن تاجران کے رہنما محمد اقبال بھٹی، نوشاد شیخ، حبیب بھلم اور دیگر تاجر بھی موجود تھے، جنہوں نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کو سراہا۔ اس موقع پر ٹنڈوآدم کے سیاسی و سماجی رہنماؤں راجا فاروق اور امجد آرائیں نے پولیس کی بہتر کارکردگی کے اعتراف میں بالترتیب ایک لاکھ 25 ہزار اور 50 ہزار روپے نقد انعام بھی پیش کیا۔ دریں اثنا پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں کے سوالات کے جوابات میں کھا کہ جرائم پر قابو پانے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔








