ٹیلی نار پاکستان کو تمام قانونی منظوریوں کے بعد باضابطہ طور پر پی ٹی ایم ایل میں ضم کردیا گیا

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):ٹیلی نار پاکستان جولائی 2026 سے باضابطہ طور پر پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) (یوفون 5 جی ) میں ضم کر دیا گیا ۔ یہ انضمام اسلام آباد ہائی کورٹ سے آخری قانونی منظوری موصول ہونے کے بعد عمل میں آیا جبکہ اس عمل میں متعدد ریگولیٹری اور قانونی اداروں نے مرحلہ وار حصہ لیا۔ اس کے بعد ٹیلی نار پاکستان کا …

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):ٹیلی نار پاکستان جولائی 2026 سے باضابطہ طور پر پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) (یوفون 5 جی ) میں ضم کر دیا گیا ۔ یہ انضمام اسلام آباد ہائی کورٹ سے آخری قانونی منظوری موصول ہونے کے بعد عمل میں آیا جبکہ اس عمل میں متعدد ریگولیٹری اور قانونی اداروں نے مرحلہ وار حصہ لیا۔ اس کے بعد ٹیلی نار پاکستان کا ایک علیحدہ قانونی ادارے کی حیثیت سے پاکستان سے وجود ختم ہو گیا ہے۔بدھ کو جاری بیان کے مطابق اس پیشرفت کے بعد ٹیلی نار پاکستان کے آپریشنز، نیٹ ورک انفراسٹرکچر اور صارفین مکمل طور پر پی ٹی ایم ایل (یوفون 5 جی ) میں ضم ہو جائیں گے۔

اس کے نتیجے میں ایک مشترکہ ادارہ وجود میں آئے گا جس کی رسائی مزید وسیع، اسپیکٹرم پورٹ فولیو مزید مضبوط اور ملک بھر میں جدید ترین کنکٹیویٹی اور ڈیجیٹل خدمات میں سرمایہ کاری کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی۔اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل کے صدر و سی ای او حاتم بامطرف نے کہاکہ یہ ہماری کمپنی اور پاکستان کی ٹیلی کام انڈسٹری کے لئے ایک فیصلہ کن لمحہ ہے، ہم حکومتِ پاکستان اور اس عمل میں شامل تمام اداروں کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس عمل میں تندہی سے حصہ لیا اور ہماری بھرپور معاونت کی، میں اپنے صارفین کا بھی دلی شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے اعتماد نے یوفون اور ٹیلی نار پاکستان کو اس تبدیلی سے گزرنے میں مدد فراہم کی۔

اسی طرح میں اپنی ٹیم کا بھی شکرگزار ہوں جن کی لگن اور محنت نے اس اہم سنگِ میل کو ممکن بنایا، اب جبکہ ہم ایک کمپنی کی حیثیت سے یکجا ہو رہے ہیں ہم اپنے صارفین کو ایسی جدید ترین مصنوعات اور خدمات فراہم کریں گے جو پاکستان میں ڈیجیٹل تجربے کے حوالے سے ایک نیا معیار قائم کر سکیں۔ دونوں اداروں کے انضمام سے وجود میں آنے والا ادارہ پی ٹی سی ایل کا مکمل ملکیتی مگر خودمختار ادارہ ہوگا جو پی ٹی ایم ایل کے نام سے کام جاری رکھے گا ۔

نیا ادارہ 5 جی کوریج میں توسیع، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے اور ملک بھر میں لاکھوں صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کے موجود ہ عزم کے طابع خدمات انجام دے گا۔ یوفون 5جی نے انضمام کے عمل کے دوران یوفون 5 جی اور ٹیلی نار پاکستان دونوں کے صارفین کو خدمات کے تسلسل کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ انہیں مزید بہتر کنکٹیویٹی اور اعلیٰ معیاری ڈیجیٹل تجربہ بھی فراہم کیا جائے گا۔