اسلام آباد ۔ 20 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیلی ہیلتھ پورٹل کے اجراء سے کورونا کی موجودہ صورتحال میں بالخصوص دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں خاص طور پر مدد ملے گی، خدشہ ہے کورونا وائرس زیادہ عرصہ تک رہے گا ، ہمیں ویکسین آنے تک اس کیساتھ رہنا ہے، قوم صورتحال کا مل کر مقابلہ کرے گی۔ ان …
ٹیلی ہیلتھ پورٹل کے اجراء سے کورونا کی موجودہ صورتحال میں بالخصوص دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں خاص طور پر مدد ملے گی، خدشہ ہے کورونا وائرس زیادہ عرصہ تک رہے گا ، ہمیں ویکسین آنے تک اس کیساتھ رہنا ہے، وزیراعظم عمران خان کا ٹیلی ہیلتھ پورٹل کے اجراء کے موقع پر اظہار خیال

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 20 مئی (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیلی ہیلتھ پورٹل کے اجراء سے کورونا کی موجودہ صورتحال میں بالخصوص دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں خاص طور پر مدد ملے گی، خدشہ ہے کورونا وائرس زیادہ عرصہ تک رہے گا ، ہمیں ویکسین آنے تک اس کیساتھ رہنا ہے، قوم صورتحال کا مل کر مقابلہ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ٹیلی ہیتلھ پورٹل کے اجراء کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ادرس بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے ٹیلی ہیلتھ منصوبے کا موجودہ صورتحال میں اجراء بالخصوص خوش آئند ہے، یہ منصوبہ ایسے وقت میں شروع کیا جارہا ہے جب کورونا وائرس کی وجہ سے پوری قوم مشکل میں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں اور خدشہ ہے کم از کم اس سال یہ صورتحال برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ویکسین آنے تک اس صورتحال کیساتھ گزارا کرنا ہے، قوم مل کر مشکل وقت کا مقابلہ کرے گی۔ امیر ممالک اپنے زیادہ وسائل کے باوجود مشکل صورت حال میں ہیں، پاکستان جیسے ملک میں جہاں صحت کا شعبہ پہلے ہی کمزور ہے وہاں یہ مشکلات اور بھی زیادہ ہیں، یہ صورتحال ہمارے لیے ایک چیلنج ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس طرح کے برے حالات نہیں ہیں جس کا سامنا دوسرے ممالک کو کرنا پڑا، ہم اس صورتحال سے نمٹیں گے۔ ہم نے اس سے قبل ٹیلی ایجوکیشن کا منصوبہ شروع کیا، پی ٹی وی چینل کے ذریعے بچوں کی تعلیم کا منصوبہ شروع کیا، اب ٹیلی ہیلتھ کے ذریعے ڈاکٹرز کو رجسٹرڈ کرکے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے ڈاکٹرز بالخصوص لیڈی ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ اس پورٹل پر خود کو رجسٹر کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس میں بھی بڑی تعداد میں ڈاکٹرز اور صحت کے شعبہ سے وابستہ افراد نے خود کو رجسٹر کرایا۔ برطانیہ میں حکومت کی اپیل پر اڑھائی لاکھ اور پاکستان میں دس لاکھ افراد نے خود کو رضاکارانہ خدمات کیلئے پیش کیا، اس پورٹل کے ذریعے دور دراز علاقوں میں بھی صحت کی سہولیات کی رسائی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے کیسز بڑھنے کا اندیشہ ہے اس صورتحال میں بالخصوص یہ سہولت بہت اچھا اقدام ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈیجیٹل پاکستان کے اس پروگرام کے اجراء پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ڈاکٹرز اور مریضوں کو محفوظ ماحول فراہم ہوگا، اور اس پورٹل کے زریعے ڈاکٹر اور مریض کے درمیان رابطہ ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں لیڈی ڈاکٹرز کی بڑی تعداد پریکٹس نہیں کرتی انہیں بالخصوص اس پورٹل کے ذریعے اپنی خدمات فراہم کرنی چاہیئے، وہ اس سے فایدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد بھی یہ پورٹل صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ادرس نے وزیراعظم کو ٹیلی ہیلتھ کے بارے میں بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس مشکل حالات میں بالخصوص ملکر کام کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جو اس طرح کی خدمات مفت فراہم کر رہا ہے۔ اس پورٹل سے ڈاکٹرز اور شہری استفادہ کرسکتے ہیں اور دونوں کے لئے یکساں مفید ہے۔








