پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے انگلینڈ کے دورے کے لیے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور اچھے نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ٹیم انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور اچھے نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے،فرحان یوسف
لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے انگلینڈ کے دورے کے لیے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور اچھے نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پی سی بی پوڈکاسٹ کے 90ویں ایڈیشن میں گفتگو کرتے ہوئے فرحان یوسف نے کہا کہ انگلینڈ کے لیے ان کی تیاریاں اچھی جارہی ہیں، انہوں نے انگلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور تیاری کی ہے۔ ملتان میں کنڈیشنز کافی مشکل تھیں تاہم تیاری اچھی ہوئی ہے اور امید ہے کہ اس کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔فرحان یوسف نے کہا کہ اسکواڈ کے تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ انڈر 13، انڈر 16 اور انڈر 19 کی سطح پر پاتھ وے پروگرام کا حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی ہے، تمام کھلاڑی پرجوش اور اچھی طرح تیار ہیں، مجھے ہر کھلاڑی پر اعتماد ہے اور امید ہے کہ ٹیم اچھے نتائج حاصل کرے گی۔پاکستان انڈر 19 ٹیم اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے جہاں قومی ٹیم نے ارونڈل کاسل کرکٹ گراونڈ میں اپنا پہلا ٹریننگ سیشن بھی کیا۔ فرحان یوسف کی قیادت میں 15 رکنی پاکستانی ٹیم 2 سے 5 ستمبر تک ارونڈل میں واحد یوتھ ٹیسٹ کھیلے گی، جس کے بعد 9 سے 16 ستمبر تک چار یوتھ ون ڈے میچز ہوں گے۔
پہلا یوتھ ون ڈے 9 ستمبر کو ارونڈل، دوسرا 12 ستمبر کو گلڈفورڈ جبکہ تیسرا اور چوتھا میچ بالترتیب 14 اور 16 ستمبر کو ورمزلی میں کھیلا جائے گا۔پاکستان انڈر 19 اسکواڈ میں کپتان فرحان یوسف، وکٹ کیپر عبدالقادر، عبدالصبحان، احمد حسین، علیان سلمان، حمزہ ظہور، حسنین عباس ڈار، حیام خان، جہانگیر بلال، محمد صیام، محمد حذیفہ، نقاب شفیق، رضوان اللہ، عمر زیب اور عثمان خان شامل ہیں۔ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں ہیڈ کوچ شاہد انور، فاسٹ بولنگ کوچ را افتخار انجم، اسپن بولنگ کوچ زوہیب خان، فیلڈنگ کوچ ہمایوں فرحت، فزیوتھراپسٹ عبید اللہ، ٹرینر ابرار احمد اور پرفارمنس اینالسٹ علی حمزہ شامل ہیں۔








