کینڈی۔22فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے جاری سپر ایٹ مرحلے کے ایک اہم میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو مقابلے کے بعد 51 رنز سے شکست دے دی۔ پالیکیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس کم اسکورنگ میچ میں انگلینڈ کے باؤلرز نے میزبان ٹیم کی ایک نہ چلنے دی۔انگلینڈ کے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی …
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ کی سری لنکا کو عبرتناک شکست، سپر ایٹ مرحلے میں 51 رنز سے میدان مار لیا
کینڈی۔22فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے جاری سپر ایٹ مرحلے کے ایک اہم میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو مقابلے کے بعد 51 رنز سے شکست دے دی۔ پالیکیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس کم اسکورنگ میچ میں انگلینڈ کے باؤلرز نے میزبان ٹیم کی ایک نہ چلنے دی۔انگلینڈ کے 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 16.4 اوورز میں محض 95 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
جوفرا آرچر نے اننگز کے آغاز میں ہی پتھم نسانکا (9) کو آؤٹ کر کے تباہی کا آغاز کیا۔ وِل جیکس نے چوتھے اوور میں دو گیندوں پر کوشل مینڈس اور پون رتنائیکے کو آؤٹ کر کے سری لنکا کا اسکور 20 رنز پر 3 وکٹ کر دیا۔وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے میزبان ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ کپتان دشن شناکا نے 30 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن عادل رشید نے انہیں آؤٹ کر کے سری لنکا کی جیت کی آخری امید بھی ختم کر دی۔
انگلینڈ کی جانب سے وِل جیکس، جوفرا آرچر، لیام ڈاؤسن اور عادل رشید نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم بھی مشکلات کا شکار نظر آئی اور مقررہ 20 اوورز میں 146 رنز بنا سکی۔ کپتان جوز بٹلر (7) اور جیکب بیتھل (3) جلد آؤٹ ہو گئے جس سے ٹیم پر دباؤ بڑھ گیا۔مشکل وقت میں فل سالٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 40 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
ہیری بروک نے 14 اور وِل جیکس نے آخر میں قیمتی 21 رنز جوڑ کر ٹیم کو ایک قابلِ دفاع مجموعے تک پہنچایا۔ سری لنکا کی جانب سے ڈنتھ ویلالاگی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دلشان مدوشنکا اور مہیش تھیکشنا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔









