ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹس مرحلے میں نیوزی لینڈ کا انگلینڈ کے خلاف اہم مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ

کولمبو۔27فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹس مرحلے میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف اہم مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں اسی پچ پر کھیلا جا رہا ہے جہاں کیویز نے سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا تھا۔ گزشتہ میچ میں اس وکٹ سے نمایاں …

کولمبو۔27فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹس مرحلے میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف اہم مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں اسی پچ پر کھیلا جا رہا ہے جہاں کیویز نے سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا تھا۔ گزشتہ میچ میں اس وکٹ سے نمایاں اسپن دیکھنے میں آئی تھی، جس کے پیش نظر کپتان مچل سینٹنر نے پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئےمچل سینٹنر کا کہنا تھا کہ اگر ورلڈ کپ جیتنا ہے تو ہر میچ میں کامیابی ضروری ہے اور ان کی تمام تر توجہ اس وقت اسی مقابلے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچ گزشتہ میچ کی طرح دکھائی دے رہی ہے اور ممکن ہے کہ ایک بار پھر توقع سے زیادہ ٹرن حاصل ہو۔ نیوزی لینڈ نے فاتح ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور وہ اسی کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔ کیویز اگر یہ میچ جیت لیتے ہیں تو وہ گروپ میں سرفہرست رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لیں گے۔

دوسری جانب انگلینڈ نے اپنی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے۔ فاسٹ بولر جیمی اوورٹن کی جگہ لیگ اسپنر ریحان احمد کو شامل کیا گیا ہے، جو اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔ انگلینڈ پہلے ہی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے، تاہم ٹیم گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے کیونکہ انہوں نے گزشتہ میچ میں وکٹ کو اسپن ہوتے دیکھا تھا۔ بروک بدستور نمبر تین پر بیٹنگ کریں گے، جہاں انہوں نے پاکستان کے خلاف 50 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی تھی اور ٹیم کو دو وکٹوں سے کامیابی دلائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو آزادی کے ساتھ کھیلنا ہوگا اور مثبت انداز اپنانا ہوگا، اگرچہ پچھلے میچ میں فیلڈنگ کے دوران کچھ غلطیاں ضرور ہوئیں۔اگر انگلینڈ اس میچ میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست رہے گا، جبکہ پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امید برقرار رہے گی، تاہم اسے بہتر نیٹ رن ریٹ کے چیلنج کا سامنا ہوگا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹم سیفرٹ، فن ایلن، رچن رویندرا، گلین فلپس، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، مچل سینٹنر، کول میک کونچی، میٹ ہنری، ایش سودھی اور لاکی فرگوسن شامل ہیں، جبکہ انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ، جوس بٹلر، ہیری بروک، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، سیم کرن، ول جیکس، ریحان احمد، لیام ڈاسن، جوفرا آرچر اور عادل رشید میدان میں اتریں گے۔